پنجاب پولیس تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے :ڈاکٹر عثمان انور

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھیلیسیمیا سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب پولیس تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ تھیلیسیمیا میں مبتلا پولیس ملازمین کے بچوں کو خون کے عطیات فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، لاہور سمیت تمام اضلاع میں تھیلیسیمیا کے خلاف مصروف عمل اداروں کے ساتھ بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے جا رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہاکہ پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت طبی اخراجات کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں پولیس ملازمین کے رجسٹرڈ 150 بچوں کو فی کس ماہانہ 15 ہزار روپے کی ادائیگی باقاعدگی سے جاری ہے، ہر ماہ پولیس ملازمین کے بچوں کو تھیلیسمیا کے علا ج معالجے کیلئے 22 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں اورگذشتہ برس سے اب تک تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو 02 کروڑ 50 لاکھ 65 ہزار روپے دئیے جا چکے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے متعددا قدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے کیلئے مختلف ہسپتالوں، فلاحی اداروں کے اشتراک سے علاج میں معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی مدد کیلئے پنجاب پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پاکستان ائیر فورس کی ٹریننگ میں اعزازی شمشیر حاصل کرنے والے نوجوان محسن خادم کے والد سب انسپکٹر خادم حسین سے اپنے دفتر میں ملاقات کی اور بیٹے کی شاندار کامیابی پر خصوصی مبارک باد دی۔ خادم حسین پاکپتن پولیس میں بطور سب انسپکٹر خدمات سر انجام دے رہا ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بیٹے کی اعلی تربیت اور بہترین تعلیم دلوانے پرسب انسپکٹر خادم حسین کو گلے لگایا، اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا۔سب انسپکٹر خادم حسین کے بیٹے محسن خادم نے دوران ٹریننگ پاکستان ائر فورس کی اعزازی شمشیر حاصل کی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خادم حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ائیر فورس میں سلیکشن، ٹریننگ کے کٹھن مرحلہ کو اعزاز کے ساتھ مکمل کرنا باعث فخر ہے، محسن خادم کی شاندار کامیابی سے والدین کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کے وقار میں بھی اضافہ ہوا، آئی جی پنجاب نے کہاکہ محسن خادم کی کامیابی سے پولیس فورس کے دیگر بچوں میں بہتر کامیابی دکھانے کا حوصلہ پیدا ہو گا، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ محسن خادم پاکستان ائیر فورس میں اپنے فرائض عمدگی سے ادا کرتے ہوئے مزید کامیابیاں سمیٹے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے متعدد اداروں کے ساتھ ایم او یوز ہوچکے، مستقبل میں ایسی مزید کامیابیاں محکمہ کے حصہ میں آئیں گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے متعدد اعلی تعلیم یافتہ بچے اور بچیاں مختلف اداروں میں خدمات سر انجام دے کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔