سی پیک پہلا مرحلہ، 25 ارب ڈالر کے منصوبے پاکستان میں زیرتکمیل ہیں :احسن اقبال

بیجنگ (مشرق نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کے تحت 25 ارب ڈالر کے منصوبے پاکستان میں زیر تکمیل ہیں،چین پاکستان کا تاریخی دوست ہے جس نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین پہنچنے کے بعد بیجنگ ایئرپورٹ سے خصوصی پیغام میں کیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی کی بیجنگ ایئرپورٹ پر آمدپر پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور چینی حکام نے ان کا استقبال کیا۔یہ نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ چین کا پہلا اعلی سطحی دورہ ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان کا تاریخی دوست ہے جس نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا، سی پیک کے پہلے مرحلے کے تحت 25 ارب ڈالر کے منصوبے پاکستان میں زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے کو اپ گریڈ کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت ، صنعت ، گرین توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دیا جائیگا ،اس دورے سے تیرہویں جوائنٹ کوآپریش کمیٹی میٹنگ کا ایجنڈا مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہماری بنیادی توجہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک ) کے فیز ٹو اور ایم ایل ون ریلوے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر ہے ، ایم ایل ون ملک کے مواصلات اور تجارت کے شعبوں کےلئے ناگزیر ہے، اگر ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع نہ کیا گیا تو ہمیں مزید واقعات کا سامنا کرنا پڑے گا،ہمیں خطے میں مواقع کی راہ ہموار کرنے کیلئے مضبوط منصوبہ بندی کے ساتھ آنا ہوگا۔ گوادر پرو کے مطابق پروفیسر احسن اقبال نے ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میرے دورہ چین میں بنیادی توجہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک ) کے فیز ٹو اور ایم ایل ون ریلوے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر ہے، ایم ایل 1 150 سال پرانا ٹریک ہے، ایم ایل ون ملک کے مواصلات اور تجارت کے شعبوں کے لیے ناگزیر ہے، دورہ چین کے دوران ایم ایل ون منصوبہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے، اگر ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع نہ کیا گیا تو ہمیں مزید واقعات کا سامنا کرنا پڑے گا۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ مواصلات اور تجارت کے شعبوں کو بااختیار بنانے کیلئے بہت اہم ہے۔ پاکستان کو سی پیک منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے چین سے آگے بڑھنا ہو دورہ چین کے دوران سی پیک کے دوسرے مرحلے کی ترقی کو یقینی بنانا اہم ایجنڈا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ملک کی ترقی کے لئے ایک "وڑن" کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا ہمیں خطے میں مواقع کی راہ ہموار کرنے کے لئے مضبوط منصوبہ بندی کے ساتھ آنا ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں نئی حکومت سی پیک فیز ٹو کے فلیگ شپ منصوبے کے تحت مزید سماجی و اقتصادی انضمام، رابطوں، سلامتی، خوشحالی اور بڑے پیمانے پر صنعت کاری کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ گوادر پرو کے مطابق یہ نومنتخب حکومت کا چین کا پہلا اعلی سطحی دورہ ہے۔ اجلاس میں سی پیک کے 13 ویں جے سی سی اجلاس کے ایجنڈے اور وزیراعظم پاکستان کے متوقع دورہ چین پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابق حال ہی میں پاکستان اور چین نے سی پیک فیز ٹو کے تحت پانچ نئے اقتصادی راہداریوں پر ورکنگ گروپ کے قیام کی کوششیں تیز کر دی ہیں جو وزارت منصوبہ بندی کے تیار کردہ فائیو ای فریم ورک سے ہم آہنگ ہے۔