اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے اب ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہو گا ،ہمیں خطے میں اپنی جغرافیائی مرکزیت کو مواقع میں بدلنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہوگی،علاقائی تعاون، اپنے اور روابط کے حوالے سے پاکستان خطے میں اہم ترین ملک ہے۔ وہ منگل کودورہ چین کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میںوفاقی وزیر کو مختلف وزارتوں کے حوالے سے دورہ چین کے دوران پیش کئے جانیوالے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں سیکرٹری ریلوے ، سیکرٹری این ایچ اے ، ایڈیشنل سیکرٹری پاور اور وزارت منصوبہ بندی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک فیز 2 کی پیشرفت کو یقینی بنانا دورہ چین کا اہم ایجنڈا ہو گا۔سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے اب ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہو گا ۔ انہو ں نے کہا کہ دورہ چین پر ایم ایل ون ایک اہم ایجنڈا ہو گا، ایم ایل ون ڈیڑھ سو سال پرانا ٹریک ہے اور اگر اب اس پر کام شروع نہ کیا گیا تو خدانخواستہ ہم مزید حادثات کا شکار ہوں سکتے ہیں ۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایم ایل ون پر ہمارے مواصلات اور تجارت کے شعبوں کیلئے ناگزیر ہے، چین نے ایک واضح وژن اور روڈمیپ کیساتھ ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے ہمیں بھی ایک وژن کو لیکر چلنا ہو گا، علاقائی تعاون، اپنے اور روابط کے حوالے سے پاکستان خطے میں اہم ترین ملک ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں خطے میں اپنی جغرافیائی مرکزیت کو مواقع میں بدلنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
سی پیک منصوبوں کی تکمیل کےلئے اب چین سے دو قدم آگے چلنا ہوگا: احسن اقبال
















