اسلام آباد، لاہور: (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی سمری شہباز کی پی ڈی ایم حکومت میں سامنے آئی، 13 جولائی2023 کو فوڈ سکیورٹی وزیر نے10 لاکھ ٹن گندم سرکاری طور پر خریدنے کی سمری کو منظور کیا، گندم کو سٹرٹیجک ذخائر کے طور پر لانے کا فیصلہ ہوا مگر 8 اگست 2023 کو ای سی سی نے سمری کو موخر کردیا، نگران حکومت میں یکم ستمبر 2023 کو سمری وزیراعظم ہاوس بھیجی گئی، 4 ستمبر 2023 کو وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بطور فوڈ سکیورٹی وزیر سمری کی منظوری دی۔ نگران وزیر اعظم کو بھیجی گئی سمری میں آٹے کی قیمت 5600روپے من بتائی گئی جس کے بعد وزیراعظم ہاوس سے سرکاری، پرائیویٹ سیکٹرکو شامل کرنے کی ہدایات آئیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 12 ستمبر 2023 کو گندم درآمد کی سمری دوبارہ ای سی سی کو بھیجی گئی مگر وزارت خزانہ نے گندم سرکاری طور پر خریدنے کی حمایت نہیں کی اور کہا پرائیویٹ سیکٹر بہتر طریقے سے درآمد کرسکتا ہے مگر 23 اکتوبر 2023 کو ای سی سی نے گندم سرکاری طور پر درآمد کرنے کی سمری منظور کرلی۔ 24 نومبر 2023 کو ٹریڈ کارپوریشن نے 11 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کا ٹینڈر دیا، ٹی سی پی کے 2 ٹینڈرز دینے پر بھی کوئی بولی نہیں لگی، گندم پرائیویٹ سیکٹر کو برآمد کرنے کی اجازت دےدی گئی مگر حیرت انگیز طور پر ٹی سی پی کے ٹینڈرز پر کوئی بولی نہ لگنے کے باوجود 17 دسمبر تک 12 لاکھ ٹن گندم ملک میں آچکی تھی۔
سامنے آنےوالی دستاویزات کے مطابق 19دسمبر 2023 کو ویٹ بورڈ اجلاس میں اچانک مزید 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دی گئی،23 فروری 2024 کو اجلاس میں گندم برآمد کرنے کی تاریخ ایک ماہ بڑھا کر 31 مارچ کردی گئی، وفاق نے بھی مزید 15 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی اجازت دےدی جس کے بعد مارچ میں موجودہ حکومت کے وجود میں آنے کے بعد بھی گندم برآمد ہونے کا سلسلہ جاری رہا، دریں اثنا گندم سکینڈل کی انکوائری رپورٹ پیر کو وزیراعظم کو پیش کی جائیگی۔
نگران کے بعد موجودہ حکومت میں بھی گندم درآمدکی گئی،سرکاری دستاویزات
















