”جی آیاں نوں“،سعودی عرب کابڑا تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا،ریڈکارپٹ استقبال

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)”جی آیاں نوں“ ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پرسعودی عرب کابڑا تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا،نائب وزیر سرمایہ کاری ایچ ای ابراہیم المبارک کی قیادت میں 50 اراکین پر مشتمل اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد پاکستان پہنچا،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیرپٹرولیم مصدق ملک نے نورخان ایئربیس پر پرتپاک استقبال کیا۔

وفد میں ٹیکنالوجی، توانائی، ہوابازی، تعمیرات، مائننگ ، ہیومن ریسورسز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں، وفد میں شامل اہم شخصیات پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیں گی،تجارتی تعلقات کے فروغ کےلئے مختلف شعبوں میں تجارتی تبادلہ ہو گا۔

اس موقع پر جام کمال نے کہاوفد کے دورے کامقصد تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیناہے،وزارت تجارت نے سعودی ہم منصبوں کےساتھ ملاقاتوں کےلئے متعلقہ شعبوں میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمپنیوں کا انتخاب کیا،اعلیٰ پاکستانی کمپنیاں 30 سعودی کمپنیوں کےساتھ مختلف شعبوں میں منسلک ہوں گی، جام کمال نے کہابزنس ٹو بزنس میٹنگز زراعت، کان کنی، انسانی وسائل، توانائی، کیمیکلز ،میری ٹائم، جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کریں گی،موجودہ ریفائنری، آئی ٹی، مذہبی سیاحت، ٹیلی کام، ایوی ایشن، تعمیراتی شعبہ، پانی اور بجلی کی پیداوار بھی زیر بحث آئے گی۔

وزیر تجارت نے کہاسعودی اور پاکستانی کمپنیاں و سرمایہ کار سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گے،مقصد دونوں ممالک میں ملازمتیں پیدا ،برآمدی مواقع کو فروغ دینا ہے،پاکستانی کمپنیاں اپنے کاروبار و سرمایہ کاری کی تجاویز سعودی کمپنیوں کےساتھ شیئر کریں گی،توقع ہے متعدد کمپنیاں کاروبار و سرمایہ کاری کے معاہدے کرنے کے قابل ہوں گی، پہلی بار دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان تجارتی معاملات براہ راست طے کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں میںآئی ٹی، توانائی، خوراک، کیمیکل، گوشت، کان کنی، زراعت، صنعت و تجارت کے مشترکہ منصوبوں میں متوقع سرمایہ کاری کے معاملے پر بات چیت ہو گی،دونوں ممالک کے مابین متعدد معاہدوں ،مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے،ریکوڈک منصوبے پر بات چیت ،پاکستان میں 10 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

دریں اثنا وفد خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی خصوصی پاک سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرےگا،کانفرنس کا ابتدائی سیشن صبح شروع ہو گا، سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری خطاب کریں گے ،پاکستانی حکام سعودی وفد کو متوقع سرمایہ کاری کے شعبوں پر بریفنگ دیں گے،وزیر تجارت جام کمال بھی ابتدائی سیشن کے اختتام پر شرکا سے خطاب کریں گے۔