ایمانداری، سفارش قبول نہ کرنے کی سزا، قائم مقام چیئرمین متروکہ وقف املاک تبدیل

لاہور (علی جنید) قائم مقام چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ارشد فرید خان کو انکی ایماندارانہ شہرت اور سفارش قبول نہ کرنے کے باعث وزارت مذہبی امور سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کے احکامات جاری کردئیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ارشد فرید خان وزارت مذہبی امور میں بطور جوائنٹ سیکرٹری اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی سیٹ خالی ہونے کے باعث انہیں تین ماہ کے کنٹریکٹ پر چیئرمین کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھی جس دوران انہوں نے انتہائی نیک نیتی و ایمانداری پر مبنی بہترین فیصلے کئے جس سے کرپشن مافیا سخت پریشان اور انکے خلاف سازشوں میں مصروف تھا۔ آخرکار ارشد فرید خان کو انکے کنٹریکٹ کے اختتام پر فوری تبدیل کرتے ہوئے اسٹبلشمنٹ ڈویژن بھیج دیا گیا جبکہ وہ اس روز کراچی کے دورے پر تھے جہاں ایک جانب ارشد فرید خان نے قریباً 12 یوم قبل احکامات جاری کئے تھے کہ شعبہ شرائن کا آڈٹ کیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ شرائن کے ایڈیشنل سیکرٹری 12 مئی کو حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے چھٹیوں پر جا رہے ہیں، اس دوران یہ مذکورہ آڈٹ کیا جانا طے تھا لیکن اچانک ارشد فرید خان کو تبدیل کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد فرید خان محکمہ متروکہ وقف املاک کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتے تھے۔