غیرقانونی منی پٹرول پمپ اور گیس ری فلنگ سٹیشن قائم، ضلعی انتظامیہ اور ساندہ پولیس سنگین حادثے کے منتظر

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) تھانہ ساندہ کے مختلف علاقوں ساندہ روڈ،حکیماں والہ بازار، راج گڑھ، ڈبل سڑکاں، ملک منیر روڈ، دھوپ سڑی، کیپٹن جمال روڈ، مہر ہوٹل، راج گڑھ سمیت مختلف علاقوں میں گیس ری فلنگ سٹیشنز اور منی پٹرول پمپس قائم، دکانوں پر بنا کسی حفاظتی اقدامات کے پٹھانوں کے 12 سے 14 سال کے بچے سلنڈر بھرتے نظر آتے ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ گزشتہ گرمیوں میں بھی لاہور شہر کے مختلف مقامات پر سلنڈرز کے دھماکے ہوئے جس سے بہت سے شہری ہلاک و زخمی ہوئے اس کے علاوہ کھلے پٹرول کی فروخت کا کاروبار بھی ضلعی انتظامیہ کے اہلکاران اور پولیس کی مبینہ سرپرستی میں جاری، شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ،ضلعی انتظامیہ اور ساندہ پولیس کسی بڑے حادثے کی منتظر ،اہلیان علاقہ خوف کا شکار، روزنامہ مشرق کی نشاندہی کے باوجود تھانہ ساندہ کے مختلف علاقوں میں جاری گٹکا و منشیات کی فروخت اور جواریوں کے خلاف بھی ابھی تک کارواءنہ ہوسکی جس سے شہری و سماجی حلقوں میں شدید تشویش، اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ، تھانہ ساندہ کے گنجان آباد علاقوں میں گیس ری فلنگ سٹیشن اور منی پٹرول پمپس قائم ہیں جہاں سیفٹی کو مدنظر رکھے بغیر پٹرول کی فروخت روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔مختلف مارکیٹس میں گیس ری فلنگ سٹیشنز اور غیر قانونی منی پیٹرول پمپس قائم ہیں جہاں پٹرول بوتلوں میں بند کرکے غیر قانونی طور پر بیچا جارہا ہے، حالانکہ آئے روز گیس ری فلنگ سٹیشنوںپر سلنڈر دھماکے اور منی پٹرول پمپس پر حادثات بھی رونما ہوچکے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ کے اہلکاران اور پولیس کو چند ٹکوں کی لالچ نے اندھا کر دیا جس کی وجہ سے ان کے کانوں پر جوں تک رینگتی نظر نہیں آرہی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس اہلکاران کی غفلت ولاپرواہی اور افسران کی عدم توجہ کے باعث یہ غیرقانونی کاروبار دھڑلے سے جاری ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے دکاندار شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر پیٹرولیم قوانین کی کھلم کھلا دھجیاں اڑا نے میں مصروف ہیں جبکہ پولیس اور سول ڈیفنس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ابھی تک آنکھیں موندرکھی ہیں۔ کھلا پٹرول فروخت کرنا قانوناًجرم ہے لیکن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور پولیس کارروائی کرنے کی بجائے الٹا انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہیں ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ،کمشنر لاہور ،آئی جی پنجاب ،سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز سے تھانہ ساندہ کے مختلف علاقوں میں جاری جوا ، گٹکا و منشیات کی فروخت کے علاوہ اس جان لیوا کاروبار کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے علاوہ تھانہ ساندہ میں کسی ایماندار اور کرائم فائٹر ایس ایچ او کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔