ارکان پارلیمنٹ اور سیاستدانوں کو سیاسی انتقام سے بچانے کیلئے نئی نیب پالیسی کی تیاری

اسلام آباد (مشرق نیوز) سرکاری ملازمین اور تاجروں کو غیر ضروری ہراسگی سے بچانے کیلئے ایس او پیز جاری کرنے کے بعد اب قومی احتساب بیورو سیاستدانوں اور ارکان پارلیمنٹ کو بھی سیاسی انتقامی کارروائیوں سے بچانے کیلئے پالیسی تیار کر رہا ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب انتظامیہ سپیکر قومی اسمبلی سے بھی رابطے میں ہے تاکہ ایسی حکمت عملی وضع کی جائے کہ جس میں احتساب کے اصل مقصد پر سمجھوتے کے بغیر ارکان اسمبلی کو من مانی گرفتاریوں اور بری تشہیر سے بچایا جا سکے۔

بیوروکریسی اور تاجر برادری کی طرح ماضی میں سیاستدانوں کو بھی نیب نے گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالا، ہراساں کیا۔ غیر سنجیدہ بنیادوں پر اور ٹھوس شواہد کے بغیر کرپشن کیسز قائم کیے گئے، کئی سیاستدانوں کیخلاف احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کیے گئے۔ نیب کی جانب سے انہیں بدعنوان بنا کر پیش کیا گیا لیکن ان میں سے بیشتر مقدمات میں بیورو عدالت میں الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

یہی وجہ تھی کہ سپریم کورٹ بھی ماضی میں کہہ چکی ہے کہ نیب کو احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے بار بار استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ حال ہی میں نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور دیگر کیخلاف ایل این جی کیس واپس لیا جانا نہ صرف بیورو کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے ماضی کی غلطیوں کا اعتراف ہے بلکہ ہراسگی اور سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائیوں کے حوالے سے ایک واضح ارادے کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

نیب کے ایک ذریعے نے اعتراف کیا کہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسمٰعیل جیسے لوگ ایل این جی کے شعبے میں کام کی وجہ سے جیلوں میں جانے کے بجائے تعریف کے مستحق ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ غور طلب بات یہ ہے کہ صرف الزامات کی بنیاد پر ارکان پارلیمنٹ کو من مانی گرفتاری اور بری تشہیر سے بچایا جائے۔