تاریخ رقم،اہم سنگ میل عبور،پاکستان نے پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیج دیا


اسلام آباد،کراچی :(بیورورپورٹ)تاریخ رقم،اہم سنگ میل عبور،پاکستان نے پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر بھیج دیا،سیٹلائٹ مشن آئی کیوب قمرچین کے ہینان سپیس لانچ سائٹ سے روانہ کیاگیا، چینی میڈیا و انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ نے منظر براہ راست نشر کیا ،مشن کی روانگی پر سپارکو میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، سپارکمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تالیوں سے گونج اٹھا، لوگوں نے نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے،پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا ۔

آئی کیوب قمر کو انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی نے چینی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل سپیس ایجنسی سپارکو کے تعاون سے ڈیزائن و تیار کیا،انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی ڈاکٹرخرم خورشید نے کہا سیٹلائٹ چاند کے مدار پر 5 دن میں پہنچے گا،3 سے 6 ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا، سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح پر مختلف تصاویر لی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کے پاس تحقیق کےلئے چاند کی اپنی سیٹلائٹ تصاویر ہوں گی،تصاویر لینے کیلئے 2آپٹیکل کیمرے بھی نصب ہیں۔

ڈاکٹرخرم خورشید نے کہا سیٹلائٹ پاکستان کا ہے، خود ہی ڈیٹا استعمال کریں گے ،چینی سائنسدان بھی ڈیٹا استعمال کرسکتے ہیں،سیٹلائٹ 2 سال کے مختصر مدت کے اندر تیارکیا گیا،انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی نے کہابھارت کے چندریان سے پاکستانی مشن کا موازنہ کرنا مناسب نہیں ہوگا کیونکہ چندریان بڑا مشن اورچاند پر لینڈنگ کی تھی ،آئی کیوب قمر چاند کے مدار پر چکر لگائے گا، مستقبل میں بڑے مشن کےلئے راہ ہموار کرنے کےلئے ابتدائی طور پر چھوٹا پراجیکٹ ہے،دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا،مشن 53 دن پر مشتمل ہوگا،مشن میں چاند پر چکر لگانا، ٹیک آف کرنا اور واپس پہنچنا شامل ہے ، 2 کلو تک کا مادہ اٹھانے کی کوشش کرے گا،دوسری جانب جنرل منیجر آئی ایس ٹی سید ثمر عباس نے کہا مشن سے چاند کا موسم، زمین اور مقناطیسی میدان کی اہم معلومات ملیں گی،2سال کی محنت کے بعد سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کو مکمل کیا جاسکا۔

دریں اثناصدر مملکت آصف زرداری نے چاند کےلئے پاکستان کے پہلے سیٹلائٹ مشن کی کامیاب لانچنگ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے سیٹلائٹ مشن کی کامیاب لانچنگ خلائی پروگرام کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، پوری پاکستانی قوم کو اہم کامیابی پر فخر ہے،آصف زرداری نے خلابازی کے شعبے میں پاکستان ،چین کے مابین تعاون کو سراہتے ہوئے کہاپاکستان کو خلا بازی کے شعبے میں ترقی کی مزید منازل طے کرنی ہیں، امید ہے خلائی تحقیقی ادارے اور سائنسدان مزید محنت، منصوبہ بندی کےساتھ ملک کا نام روشن کریں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ بھجوانے پر قوم و سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا جوہری میدان کی طرح خلائی میدان میں بھی سائنسدان، انجینئرز اور ہنرمند اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہے ہیں ، اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا ،سیٹلائٹ کمیونی کیشن کے شعبے میں پاکستانی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔

شہبازشریف نے کہاانسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی ، رکن ڈاکٹر خرم خورشید، سپارکو سمیت تمام ٹیم خاص طور پر پراجیکٹ میں حصہ لینے والے طالب علموں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی پاک چین دوستی خوشبو ں کی سرحد سے آگے نکل کر خلاﺅں کی سرحد بھی پار کرچکی ، 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیاجانا پاکستانی سائنسدانوں و ماہرین کی قابلیت کا اعتراف ہے ، تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے، اہم کامیابی سے پاکستان خلا کے با مقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا،کامیابی سیٹلائٹ کمیونی کیشن کے شعبے میں پاکستانی صلاحیتوں کو بڑھائے گی، سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کےلئے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان کے بیٹوں نے ثابت کیا وہ خلاﺅں کو بھی تسخیر کرنے کی صلاحیت، جذبہ اور مہارت رکھتے ہیں ،28 مئی 1998 کی طرح خلاﺅں ،معاشی اوج کمال کو بھی پہنچیں گے، مواصلاتی ڈھانچے میں خود مختاری کے خواب کی مکمل تعبیر سے پاکستان بھی شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں شمار ہو گا، سائنس وٹیکنالوجی، جدید علوم اور ہنرمندی میں ترقی وقت ،ملک کی ضرورت ہے ، پوری کوشش و توجہ ہے نوجوان نسل کو جدید علوم وفنون، سائنس وٹیکنالوجی میں آگے لے کر جائیں تاکہ پاکستان ایجادات کی دنیا میں بھی سب سے آگے ہو،مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف نے چاند کی جانب پاکستان کے پہلے سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کی روانگی کے مناظر کو پاکستان ٹیلی ویژن پر براہ راست دیکھا اور خوشی کا اظہار کیا۔