غزہ بحران کا واحدحل خودمختار ریاست کاقیام ہے،پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میںپاکستان کو متفقہ طور پر کانفرنس بیورو کا وائس چیئر مین منتخب کرلیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سلامتی کونسل دشمنی کے خاتمے کےلئے اپنی قرارداد 2728 پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے،فلسطینیوں کےخلاف اسرائیلی جارحیت پر او آئی سی کی وزارتی کمیٹی کو دوبارہ فعال ہونا چاہیے،اسرائیل کی طرف سے طاقت کے اندھا دھند استعمال اور غزہ کے غیر انسانی محاصرے کے فوری خاتمے کیلئے جدو جہد کی جائے۔

اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کےلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاموجودہ بحران کا واحد مستقل حل محفوظ، قابل عمل، متصل اور خودمختار ریاست کے قیام میں مضمر ہے، نائب وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور میڈیا بلیک آوٹ سمیت بھارتی جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل سفارتی حمایت کا وعدہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بڑھتے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کےلئے او آئی سی کے مشترکہ اقدام کی ناگزیر ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہااسلامو فوبیا کا اظہار دنیا بھر میں مسلمانوں کےخلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اشتعال انگیزی کے بڑھتے واقعات سے ہوتا ہے۔