مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار،پٹرول مزید سستا ہوگا:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے 2سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں،پٹرول مزید سستا ہوگا۔

اپنے بیان میںشہبازشریف نے کہامہنگائی کی شرح 39 سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی ، 16 ماہ کی محنت کونگران حکومت نے جاری رکھا ،ثمرات اب آرہے ہیں،مہنگائی میں کمی ہدف ہے، معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، پٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آئیں۔

وزیراعظم نے کہاصوبائی حکومتیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اشیائے خورونوش کے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے اقدامات اٹھائیں اسی سمت چلتے رہنے سے عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری ہوگی،عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے سرتوڑ کوشش کررہے ہیں ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی،وزیراعظم نے کہا پاکستان آذربائیجان کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں،تجارت ، سرمایہ کاری، توانائی ، دفاع، روابط، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کےلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے کہا اعلیٰ سطحی وزارتی وفد باکو بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پاکستان جلد از جلد پاکستان آذربائیجان مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کےلئے بھی تیار ہے جہاں دونوں فریق مختلف شعبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔