سکھر:(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کچے میں فوجی آپریشن کافیصلہ سندھ حکومت کرے گی۔
سکھر میں نادرا آفس کے دورے کے موقع پر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا سندھ میں قیام امن کےلئے صوبائی حکومت کی ہر معاونت کو تیار ہیں،صدر مملکت کی زیرصدارت اجلاس میں کراچی و کچے میں امن و امان کی صورتحال کے مسائل کا حل نکالا جائےگا،سیاست نہیں کام کرنے کا وقت ہے اور کام کرکے دکھانا ہوگا۔
دریں اثنا وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکھر میں پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر کا بغیر اطلاع دئیے اچانک دورہ کرکے پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے زیر تعمیر عمارت کو مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہاہر پاکستانی شہری کے پاس شناختی کارڈ دیکھنا چاہتا ہوں،سکھر شہر کے اندر اور روہڑی میں 3 ماہ کے اندر 2 نئے نادرا دفاتر بنائے جائیں گے، پاکستان بھر میں نادرا سینٹرز پر 30 منٹ سے زیادہ شہریوں کو انتظار نہیں کرنا پڑےگا،وزیرداخلہ نے پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے رکی عمارت کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا پاسپورٹ آفس ابتر عمارت میں کسی طرح قابل قبول نہیں، شہریوں کی سہولت کےلئے پاسپورٹ آفس شہر کے مرکز میں ہونا چاہیے۔
سیاست نہیں کام کرنے کاوقت،کچے میں فوجی آپریشن کافیصلہ سندھ حکومت کرے گی،نقوی
















