ملک بھر کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کی جائیں،سپریم کورٹ کاحکم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)شہریوں کی آزادنہ نقل و حرکت روکنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں،سپریم کورٹ نے ملک بھر سے سڑکوں،فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دےدیا۔

کراچی تجاوزات کیس کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے وفاقی ،صوبائی حکومتیں 3 دن میں سڑکوں ،فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کریں، متعلقہ ادارے قبضہ کرنے والوں کے اخراجات پر تجاوزات ختم کریں،بدقسمتی سے سڑکوں پر قبضے اور تجاوزات ہیں، قبضہ کرنے والا سمجھتا ہے اپنی پراپرٹی کے سامنے قبضہ کرنا حق ہے، لوگوں نے فٹ پاتھوں پر جنریٹرز تک لگا دیئے ، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے بھی تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔

سپریم کورٹ نے کہاشہریوں کی آزادنہ نقل و حرکت روکنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں، حکومتی اخراجات کےلئے ٹیکس دینے والے عوام کے حقوق کوئی نہیں چھین سکتا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا دہشتگردوں کے حملوں کی وجہ سے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں،بدقسمتی سے سوچ پروان چڑھی عمارت کے اطراف اوپن سپیس یا گارڈن پر بھی حق ہے،عدالت عظمیٰ نے حکم نامے کی کاپی اٹارنی جنرل، تمام ایڈووکیٹ جنرلز اور تمام سرکاری اداروں کو بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے کہاپیمرا پبلک سروس میسیج شائع اور نشر کرے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور کے ایم سی کے وکیل عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔