سرکاری اداروں کی بہت بری حالت، آئین میں کہاں لکھا کابینہ قانون سے بالاتر ہے؟،سپریم کورٹ

کراچی:(بیورورپورٹ)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے 600کنٹریکٹ ملازمین کی ریگولرائزیشن درخواست مسترد ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے بتائیں آئین میں کہاں لکھا ہے کابینہ قانون سے بالاتر ہے؟۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل بنچ نے ملازمین کی ریگولرائزیشن درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل عمر سومرو نے موقف اختیار کیا کابینہ نے ملازمین کی ریگولرائزیشن کی منظوری دی مگر برطرف کردیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کابینہ کیسے ریگولرائزشن کی منظوری دے سکتی ہے؟ قانون اگر ریگولرائزیشن کی اجازت دیتا ہے تو بتائیں، پالیسی میٹر نہیں، قانون کی خلاف ورزی کا معاملہ ہے، صرف بتائیں قانون کیا کہتا ہے؟،چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا بتائیں آئین میں کہاں لکھا ہے کابینہ قانون سے بالاتر ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا رولزآف بزنس میں یونیورسٹی ملازمین کو ریگولرائز کرنے کا قانون ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے رولز آف بزنس کو تقرری و ریگولرائزیشن کا قانون مت بتائیں،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا سرکاری اداروں کی بہت بری حالت ہے، صرف کنٹریکٹ پر بھرتیاں کیے جارہے ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے پی آئی اے کو دیکھیں اتنا سٹاف بھر دیا اور بوجھ بڑھتا چلا گیا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا پاکستان کی تمام جامعات میں 6 ماہ سے زیادہ ایڈہاک پر بھرتی پر پابندی ہونی چاہیے،درخواست گزار کے وکیل نے کہا آپ ریگولرائز کرنے کا عمل شروع کرنے کا حکم دے دیں، چیف جسٹس نے کہا حکومت اور پارلیمان کاکام نہیں کریں گے،بعد ازاں عدالت نے جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ملازمین کی درخواست مسترد کردی۔

دریں اثناسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سکھر میں محکمہ و شہریوں میں زمین ملکیت تنازع کیس پر سماعت ہوئی،محکمہ اوقاف کے التوا مانگنے پر چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اظہار ناراضی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے سب نے سپریم کورٹ کو مذاق بنایا ہواہے، کوئی سول کورٹ نہیں، سول کورٹ میں بھی التوا نہیں مانگنا چاہیے،وکیل اپنے پیشے کی بے عزتی نہ کریں،کیس نہ چلتا تو التوا مانگنے پر لاکھ روپے جرمانہ لگا دیتے،عدالت نے التوا مانگنے پر وکیل پر10ہزار روپے جرمانہ عائدکرتے ہوئے ریمارکس دئیے پھر کہتے ہیں 20سال سے سپریم کورٹ میں کیس التوا کا شکار ہے کیس چلتا ہی نہیں،عدالت نے محکمہ اوقاف کی جانب سے درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا۔