کسی کو بھی غیر قانونی رہنے کی اجازت نہیں،آپریشن تیز کیاجائے،محسن نقوی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے شہبازشریف بڑے بھائی،اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں،ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دےکر سکھوں سمیت مذہبی مقامات پر غیر ملکیوں کو راغب کیا جاسکتا ہے ، خواہش ہے سکھوں کےلئے ویزہ آن آرائیول ہو ،اسلام آباد سمیت ملک بھر میں چائینز کی نقل و حرکت کےلئے سکیورٹی ایس او پیز پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،غیر قانونی طور پر کسی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں،آئی جی اسلام آباد اور صوبائی پولیس حکام کو غیر ملکیوں کے انخلا کےلئے کام تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا اسلام آباد کے 27تھانوں کو ماڈل بنانے کا منصوبہ 3سے 4ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ترجیح ہے ، اسلام آباد میں سفر کرنے والوں کو ٹریفک جام سے چھٹکارا دلانے کےلئے کوششیں شروع کر دیں، اسلام آباد پولیس خدمت مرکز 24گھنٹے کھلارہے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا شہباز شریف سے اچھے تعلقات ہیں، بڑے بھائی کی طرح ہیں، میڈیا پر اختلافات کی چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، میرے لیے وزارت نہیں، تعلق معنی رکھتا ہے،نہیں کہہ سکتے کرپشن ختم کردیں گے مگربہتر ی ضرورلائیں گے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس سہولت مرکز کا دورہ کرکے شہریوں کی سہولت کےلئے بنائے کاو¿نٹرز کا معائنہ کیا،محسن نقوی نےکہااسلام آباد کے تمام پولیس سہولت مراکز 24/7 اوپن رہیں گے،شہری اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت پولیس سہولت مراکز پر خدمات سے استفادہ کر سکیں گے۔