صحتمند پنجاب مشن میں اہم سنگ میل عبور، سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس لانچ

لاہور، گوجرانوالہ (خبرنگار+ بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صحت مند پنجاب مشن میں اہم سنگ میل عبور ہو گیا۔ وزیر خوراک بلال یاسین کی قیادت میں فوڈ اتھارٹی نے سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس لانچ کر دی۔ وزیر خوراک نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں سپیشل ٹاسک فورس کا اجرا کیا اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس میٹ سپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مشتمل ہے جو سپلائی ہونے والے گوشت کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنائے گی۔ بلال یاسین نے بتایا کہ میٹ سیفٹی ٹیمیں سلاٹر ہاس، فروزن میٹ یونٹس، میٹ شاپس، میٹ پروسیسنگ یونٹس کا روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی معائنہ کریں گی۔ سپیشل ٹاسک فورس لاہور سمیت تمام اضلاع کے انٹری پوائنٹس اور گوشت مارکیٹس میں سپلائی ہونے والے گوشت کو چیک کریگی۔ پولٹری فارم، سلاٹر ہاس سے آنے والے گوشت کی ٹریسیبلٹی کا مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا اور علی الصبح داخلی راستوں کی سخت ناکہ بندیوں کو یقینی بنایا جائیگا۔ وزیر خوراک نے بتایا کہ کچھ عرصے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناکہ بندیوں اور میٹ شاپس کی چیکنگ کے دوران 60 ہزار کلو ناقص غیر معیاری گوشت تلف کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کو کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور معیاری دودھ، گوشت اور خوراک کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل چیکنگ جاری ہے۔ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 800 روپے کی تاریخی کمی کی جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرغی کی قیمت میں کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور اس وقت بھی لاہور میں پشاور سے 100 روپے کم پر مرغی دستیاب ہے تاہم پرائس نیچے لائیں گے۔ چوزے کی ایکسپورٹ پر پابندی لگا رہے ہیں تاکہ ملک میں مرغی کی قیمتیں نیچے آئیں۔ اس موقع پر صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر خوراک نے بتایا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث گندم کی کٹائی کا عمل بھی باقاعدہ شروع نہیں ہوا۔ گندم میں نمی کا تناسب زیادہ ہے اس وجہ سے بھی فوری طور پر خریداری نہیں کی جاسکتی۔ چند دنوں میں گندم میں نمی کا تناسب 10 فیصد تک آنے پر خریداری کریں گے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ گوجرانوالہ میں کھیالی اور چن دا قلعہ میں واقع ریسٹورنٹ، کنفکشنری یونٹ پر چھاپے مارے،ایک کنفکشنری کی پروڈکشن بند جبکہ5 لاکھ 40ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ 75 کلو ایکسپائر مکسچر ،50 کلو رنگ سمیت 10کلو ملاوٹی کھویا ،882 لیٹر مضرصحت کولڈ ڈرنکس اور 140 کلو بدبودار فنگس زدہ اچار تلف کر کے مقدمہ درج کر ادیا گیا۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، سٹوریج ایریا انتہائی گندا، بدبودار ماحول، ملامین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹ عدم موجود پائے گئے، بچوں کی پسندیدہ ٹافی کے لیبل پر پہلے سے تاریخ اجرا ءاور تنسیخ درج پائی گئی، زیراستعمال مشین انتہائی گندی اور زنگ آلود، ایکسپائر اجزا سے کنفیکشنری کو تیار کیا جارہا تھا۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ غیرمنظور شدہ مضرصحت محلول سے تیار بیوریجز کو سٹی ایریا کی مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا، پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزی پر جرمانے اور پروڈکشن بند کروادی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خوراک میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں، ملاوٹ کا جڑ سے خاتمہ حکومت پنجاب کا مشن ہے۔بچوں کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والوں کا کاروبار بند کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے جڑ سے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جعلسازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔