پاکستان ،سعودیہ کادفاعی تعاون بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی: (بیورورپورٹ)پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع طلال بن عبداللہ ال اوطیبی نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے ،ملٹری تربیت کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے سعودی رائل فوج کی صلاحیت بڑھانے کے پاک فوج کے عزم کو دہرایا،سعودی وزیر نے دہشتگردانہ کارروائیوں کیخلاف پاک فوج کی کامیابیوں ،عالمی امن و استحکام کیلئے کردارکوسراہا۔

بعدازاںسعودی وزیر نے جی ایچ کیو میں پاکستان سعودی عرب دفاعی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی، عالمی و علاقائی سکیورٹی چیلنجز ،سکیورٹی فورسز پر اثرات کا جائزہ لیا گیا،دوران اجلاس دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے ،تعاون بڑھانے کا جائزہ اورتعاون بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں زمینی، فضائی اور بحریہ کے شعبوں میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے صلاحیتیں بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔