ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث، عامر قتل کے تانے سرحد پار ملتے ہیں،نقوی

لاہور:( خبر نگار)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے پاکستان میں براہ راست قتل کے واقعات میں بھارت ملوث ہے ، عامر تانبا کے قتل میں بھی تانے بانے سرحد پار ملتے ہیں،دہشتگردی کے تمام ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ بندی افغانستان سے ہو رہی ہے ،ایک گھر میں بھائیوں میں بھی لڑائی ہو جاتی ہے ، بہاولنگر واقعہ کو بلا وجہ ایشو بنایا گیا، ،صرف لیسکو میں 83کروڑ یونٹس کی اوور بلنگ کی گئی، سرکاری محکموں ، صنعتوں کےساتھ 300یونٹس استعمال کرنےوالے غریب صارفین کو بھی زائد بل ڈال کر ظلم کیا گیا۔

ایف آئی اے لاہور ریجن کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہابھارت پاکستان میں براہ راست کارروائیوں میں ملوث ہے، عامر تانبا پر فائرنگ کی پولیس تفتیش کر رہی ہے لیکن اب تک پولیس کا شک بھارت پر جا رہا ہے کیونکہ عامر تانبا سے پہلے بھی قتل کے 4 واقعات میں بھارت ملوث تھا، جب تک تفتیش مکمل نہ ہو جائے کہنا بہتر نہیں لیکن بھارت کا اسی طرح کا پیٹرن ہے،محسن نقوی نے کہابجلی کی قیمت بہت زیادہ ہے، لیسکو کے 83کروڑ یونٹس اوور بل کیے گئے ،آپ کو پتہ نہیںبل 20ہزارہے اور ادائیگی40ہزار کررہے ہیں،300 یونٹ والے عام صارفین کو بھی زائد یونٹ ڈالے گئے، ایف آئی اے نے اووربلنگ کو پکڑ کر بہت اچھا کام کیا ، لاہور کے علاوہ باقی سیکٹر بھی کام کررہے ہیں، ایف آئی اے کی سائبر سائٹ پر تعمیر نو دیکھیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہابجلی چوروں کےخلاف آپریشن کسی صورت نہیں رکے گا، ڈی جی ایف آئی اے پر بہت پریشر آرہا ہے لیکن مہم نہیں رکے گی ، کچھ قوانین میں ترامیم ہونے والی ہیں، سخت قوانین کی ضرورت ہے،پاور منسٹری کےساتھ ملکر بلوچستان ، کے پی میں کام کررہے ہیں،ایک ایکسیئن گرفتار ہوا ، پہلے کی بات نہیں کرسکتا لیکن اب ایف آئی اے پر کوئی پریشر نہیں آئے گا، اووربلنگ بدقسمتی سے گورنمنٹ سائٹ سے ہورہی ہے، ابھی 2ایکسیئن گرفتار ہوئے ، کسی لیول پر بھی جانا پڑا جائیں گے،کسی کو معافی نہیں دی جائےگی، گرفتار ایکسیئن نے اعتراف بھی کرلیا۔

محسن نقوی نے کہا لاہور ایئرپورٹ پر کافی زیادہ رش ہوتا ہے، اگلے 2،4دن میں لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کریں گے، کوشش کررہے ہیں لوگوں کو ایئرپورٹس پر انتظار نہ کرنا پڑے، میں نے خود ایئرپورٹ پر اڑھائی گھنٹے انتظار کیا ہوا ہے، کوشش ہے عوام کو ایئرپورٹس پر زیادہ انتظار نہ کرائیں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا بلوچستان میں8پنجابیوں کو مارے جانے کی تحقیقات جاری ہیں جو ایجنٹ لےکر جارہے تھے ان کو بھی مار دیا گیا، بہت سارا کام کررہے ہیں اور کافی زیادہ کرنے کی ضرورت ہے،بہاونگر واقعہ پر محسن نقوی نے کہاایک واقعہ کو لےکر کہا جائے قوم کا حوصلہ پست ہو گیا تودرست نہیں، واقعہ ضرور ہوا ہے، تحقیقات بھی ہو رہی ہے، گھرمیں بھائیوں کی بھی لڑائی ہو جاتی ہے، ایسی چیز نہیں کہیں پوری فورس ڈی مورالائز ہوگئی ،بعض انفرادی واقعات غلط ہو سکتے ہیں، 2لوگوں کی لڑائی میں ایک غلط اور دوسرا ٹھیک ہوتا ہے، بھارت میں بھی ایسا واقعہ ہوا ہے، ہم نے ملک میں ہونےوالے واقعہ کو اتنا بڑا بنا دیا، بھارت کا رویہ دیکھیں اور اپنا طرزعمل دیکھیں، تھوڑا سبق سیکھناچاہیے،سوشل میڈیا سائبر کرائم پرقانون سازی کے حق میں ہوں، برطانیہ یا متحدہ عرب امارات میں کوئی کسی کےخلاف ٹوئٹ کرکے دکھائے پھرجو سلوک ہوتا ہے وہ بھی دیکھ لیں

محسن نقوی نے کہاپاکستان میں آزادی اظہار رائے کی آزادی کا حق ہونا چاہیے لیکن کسی پرکیچڑ اچھالنا درست نہیں،سخت قوانین کی ضرورت ہے،مشرق وسطیٰ کے کسی ملک میں ویڈیو ٹوئٹ کرکے دکھا دیں یہاں اتنا پانی کھڑا ہے پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر پابندی کا لفظ استعمال نہ کریں، قوانین آنے چاہئیں،میرے خلاف کوئی جھوٹا الزام لگاتا ہے تو میں اس کےخلاف کہیں جا سکوں، وہ سچا ہے تو شواہد دے لیکن نہیں ہو سکتاروز بولتے جائیں اور جوابدہ نہ ہوں،پاکستان افغانستان کےساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاہم کابل سے مسلسل کارروائیاں ہو رہی ہیں۔