لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے آئی ٹی کے ذریعے گورننس، سروس ڈلیوری بہتر بنانے کا ٹاسک دےدیا ۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام محکموں، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو 3ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی، ہر محکمے سے عوام کو فراہم کی جانیوالی خدمات کی تفصیلات اور آسان آن لائن رسائی یقینی بنانے کیلئےتجاویز طلب کر لی گئیں۔
زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس ہوئی، جس میں چیف سیکرٹری نے کہا آئی ٹی کے استعمال سے عوام کیلئے خدمات کی فراہمی کوآسان بنایا جائے گا، خدمات کی آن لائن فراہمی سے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی۔
چیف سیکرٹری ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم (E-FOAS) اور ای پروکیورمنٹ سسٹم پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے،چیف سیکرٹری نے کہا محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے، پیپر لیس ورکنگ سے کام کے طریقہ کار میں شفافیت اور جدت آئی ہے، روایتی فائل سسٹم ختم ہونے سے اربوں روپے کی بچت ہوگی، کرپشن کا خاتمہ ہو گا،عوامی مسائل کے حل کیلئے افسران اپنے فرائض خلوص نیت سے سر انجام دیں، محکموں کو زیر التواءپنشن کیسز اور محکمانہ انکوائریز کو جلد نمٹانے سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئیں،اجلاس میں سابق چیف سیکرٹری جاوید محمود مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، اس موقع پر زاہد اختر زمان نے کہا مرحوم کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔
پنجاب میں آئی ٹی کے ذریعے گورننس، سروس ڈلیوری بہتر بنانے کا ٹاسک
















