ریاض :(نمائندہ خصوصی) پاکستان میں 5 ارب ڈالر کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کا پہلا فیز جلد مکمل کیا جائےگا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا شہزادہ محمد بن سلمان سے شہبازشریف نے الصفا پیلس مکہ المکرمہ میں باضابطہ ملاقات کی، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے سعودی عرب کی غیرمتزلزل حمایت، مہمان نوازی پر شکریہ ادا اور دوطرفہ تعلقات و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں ہونے والی بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے راستے تلاش کرنا تھا، پاکستانی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا، دونوں ممالک کے درمیان کاروبار و سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے پہلے فیز کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ،غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی و عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے و انسانی جانی نقصان کم کرنے کےلئے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا گیا، ملاقات میں اتفاق ہوا بین الاقوامی برادری اسرائیل پر دباوبڑھائے تاکہ وہ غیر قانونی اقدامات سے باز آئے، غزہ تک بلا روک ٹوک انسانی امداد کی رسائی کی ضرورت ہے، ملاقات میں سلامتی کونسل ،جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں کےساتھ عرب امن اقدام عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، متعلقہ قراردادوں کا مقصد آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو کے قیام کےلئے منصفانہ و جامع حل تلاش کرنا ہے۔
دونوں کی ملاقات کے اعلامیے میں مزید کہا گیا خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے کےلئے پاکستان، بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت تنازعات کے حل کےلئے بات چیت پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی، سعودی ولی عہد نے دورے کی دعوت قبول کرلی۔
5 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج جلد مکمل کیا جائےگا ،وزیراعظم، سعودی ولی عہد کی ملاقات کا اعلامیہ
















