اسلام آبا د:(بیورورپورٹ)عدالت نے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ، سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ فیض حمید و دیگر کےخلاف دائر درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
ریٹائرمنٹ کے بعد قانونی رکاوٹ توڑنے، لاپرواہی برتنے اور مختلف ایونٹس کو غلط بیان کرنے کے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے کی، وکیل درخواست گزار رضوان عباسی نے عدالت کو آگاہ کیا درخواست ایف آئی اے کو دےدی ،رسید عدالت میں جمع کرادی ۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا متفرق درخواست کیا ہے؟اس موقع پر جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر اعتراض سامنے آیا، وکیل عمر اعجاز گیلانی نے موقف اپنایا 6 ماہ پہلے کہا گیا درخواست دائر ہوئی ، 6 ماہ بعد پتہ چلا وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو درخواست موصول ہی نہیں ہوئی،جو درخواست 6 ماہ بعد جمع ہو اسے خارج کردینا چاہیے اس پر ایف آئی اے نے مو¿قف اپنایا درخواست آگئی تو قانون کے مطابق دیکھ کر ہی فیصلہ کریں گے۔
چیف جسٹس نے کہا عام مقدمہ ہے، ٹھیک ہے بڑے لوگ بھی اس میں ہیں لیکن ایف آئی اے کو پہلے دیکھنا ہے اس میں کوئی جرم بنتا ہے کہ نہیں، اس سے قبل 22 اے کا ایک کیس آیا تھا، سینئر ججز نے آرڈر کیا تھا، جن سینئر ججز نے آرڈر کیا، میں نام نہیں لیتا لیکن میں وہ آرڈر نہیں کرتا۔
اس موقع پر جاوید چودھر ی کے وکیل نے بھی درخواست پر اعتراض عائد کردیا، وکیل نے کہا اگر مناسب ہو تو کیس ڈویژن بنچ کو بھیج دیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے دیکھیں گے، پرچہ دیں یا نہ دیں ، میرا کام نہیں ، کام پھر بھی ایف آئی اے کا ہے، کل کو کیا پتہ ایف آئی اے کہہ دے پرچہ بنتا ہے یا کہہ دے پرچہ نہیں بنتا، قانون و قاعدے کے مطابق ایف آئی اے نے انکوائری کا فیصلہ کرنا ہے۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا درخواست آگئی ،قانون کے مطابق ہی فیصلے کریں گے،چیف جسٹس نے کہا ڈائریکٹ نہیں کہہ سکتے پرچہ کریں، ایف آئی اے کو قانون و قاعدے کے مطابق فیصلہ کرنے دیں، ضرورت ہوئی تو ڈویژن بنچ کو بھی معاملہ بھیج سکتے ہیں، جو بھی تفتیشی ہوگا اسے کہیں قانون قاعدے کے مطابق دیکھے، اس میں جرنلسٹ بھی ہیں اور دیگر لوگ بھی ہیں،عدالت نے درخواست پر ایف آئی اے کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست پر دائر اعتراضات پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی، ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں فوجی افسران اور صحافیوں کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے اعتراض عائد کردیا۔
باجوہ،فیض کےخلاف درخواست پر ایف آئی اے قانون کے مطابق فیصلہ کرے،اسلام آباد ہائیکورٹ
















