محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکومتی پالیسی پر عمل سے گریزاں ،ادارے کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ

لاہور(علی جنید) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب حکومت کے ریونیو حصول کے برعکس پالیسی مرتب کر چکا ہے جس کے مطابق رواں مالی سال میں پنجاب حکومت کو محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے ریونیو کی مد میں شدید نقصان برداشت کرنا پڑیگا۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں محکمہ ایکسائز پنجاب میں بطور ڈائریکٹر جنرل تعینات کئے گئے گریڈ 19 کے فیصل فرید نے اس محکمے میں پہلے سے موجود کرپٹ ترین ڈائریکٹر رضوان اکرم شیروانی کے اشاروں پر ایسے فیصلے کئے جن سے براہ راست پنجاب حکومت کو ریونیو کی مد میں اربوں مالیت کا خسارہ برداشت کرنا پڑیگا جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے ریونیو ٹارگٹ جو دیا گیا ہے اسکی کسی صورت تکمیل ممکن نہیں ۔ رضوان اکرم شیروانی سالہاسال سے خود ڈائریکٹر جنرل کی سیٹ پر حاصل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن پنجاب حکومت انکے کرپٹ کردار سے واقف ہے جس کی بناءپر ایسا ممکن نہ ہو سکا اور جس پر رضوان اکرم شیروانی کسی بھی نئے آنے والے ڈائریکٹر جنرل کو شر پسندانہ مشوروں سے مفت میں نوازتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حال تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید نے صوبائی دارالحکومت کے پانچ فائیو سٹار ہوٹل میں قائم ونڈ شاپس میں شراب کی ترسیل بند کردی ہے اور پہلے سے جاری غیر مسلم کے پرمٹ پر شراب فروخت کی جاری ہے جس سے پرمٹ رومز منیجرز ڈی جی ایکسائز کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے بلیک میں شراب فروخت کر رہے ہیں اور حیرت انگیز امر تو یہ ہے کہ لاہور میں شراب کی فروخت بند کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں سرعام شراب کی فروخت جاری ہے، ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید نے دوسری جانب نئے بننے والے غیرمسلوں کے پرمٹ بھی لاہور میں بند کردئیے ہیں اور اس طرح ظاہر ہوگیا کہ ڈائریکٹر جنرل کی پالیسیاں پنجاب حکومت کے برخلاف ہیں اور جبکہ پنجاب حکومت کا بجٹ تشکیل دینے والے وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن اس سے قبل محکمہ ایکسائز کے وزیر رہ چکے ہیں ، وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن بھی محکمہ ایکسائز کے مذکورہ اقدام سے ناخوش ہیں۔