پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آ زادی حاصل ہے:گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں چیئرمین امپلمنٹیشن مینارٹی رائٹس فورم سیموئیل پیارا اور ایڈوائزر ایمونئیل پرویز کی قیادت میں ملائشیا سے آئے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ مسیحی برادری کی قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اورانہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ میں بھی اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آ زادی حاصل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسیحی برادری نے تشکیل پاکستان کی جدوجہد میں بھر پور کردار ادا کیا تھا اور آج بھی وہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ چیئرمین امپلمنٹیشن مینارٹی رائٹس فورم سیموئیل پیارانے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے دنیا کا بہترین آئین ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بین المذاہب ہم ہنگی پر کام کر رہے ہے۔وفد میں پروفیسر امتیاز عنایت، اونگ کاہ یونگ آلوین، جاسن فلپس، ڈارون فلپس، سنیتا انجلیق فلپس شامل تھے۔