اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)ججز کو دھمکی آمیز خطو ط کاسلسلہ نہ تھما،سپریم کورٹ کے مزید 5 اور لاہور ہائیکور ٹ کے ایک جج کوخطوط موصول ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر، علی مظہر، حسن اظہر رضوی، یحییٰ آفریدی اور عائشہ ملک کے نام مشکوک خط ملے،عملے نے مشکوک خطوط سی ٹی ڈی حکام کے حوالے کردئیے،ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کو لکھے گئے خطوط میں بھی آرسینک پاوڈر پایا گیا ۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو بھی مشکوک خط ملا،اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ، پولیس حکام لاہور ہائیکورٹ پہنچے۔
علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے ججز کے نام پر آنے والے خطوط پرنئے ایس او پیز مرتب کر لیے، تمام کورئیر کمپنیز و پوسٹ مین کیلئے ہر قسم کے خطوط سکیورٹی روم میں چیک کرانا لازمی قرار دےدیا گیا،ججز کے نام پر آنے والے خطوط کا پہلے ڈی ایس پی سکیورٹی معائنہ کریں گے، ڈی ایس پی سکیورٹی معائنے کے بعد خطوط ججز کے سٹاف افسر بھجوائیں گے۔
دوسری جانب ملک بھر کے پوسٹ آفس کو الرٹ جاری کردیاگیا،ڈی جی پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کسی بھی خط کو چیک کرنے کےلئے دستانے ،ماسک کا استعمال لازمی کریں،مشکوک خط ملنے پر فوری طور پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کیاجائے، عملہ پوسٹ آفس آنے والے لیٹرز و دیگر میلز کو احتیاط کےساتھ چیک کرے۔
مزید برآں لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو خطوط وصول کرانے والے پوسٹ مین کاپتہ چل گیا،عاطف نامی پوسٹ مین نے کہاروٹین میں خطوط وصول کراتا ہوں، مجھے کیا پتہ خطوط میں کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے مزید 5،لاہور ہائیکورٹ کے ایک جج کو مشکوک خطوط موصول



















