لاہور (اپنے نمائندے سے) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے اسد اللہ الغالب، امام المشارق و المغارب حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ کے یومِ شہادت کے موقع پر کہا کہ حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ کا نام،مقام اورپیغام تینوں ہی بے مثال ہیں۔ ضرب حیدری اور فکر مرتضوی اسلام کی ہیبت اور عظمت کی روشن اور عظیم دلیلیں ہیں۔ آپ فضائل و مناقب کا گلستاں اور علم و حکمت کا دبستان ہیں۔ فضائل علیؓ کا بیان زبان رسالت کا امت کیلئے خوبصورت تحفہ ہے۔ حضرت علی المرتضیؓ حق کی کھلی کتاب اور آفتاب تھے۔ حضرت محمد مصطفی کے زیر سایہ تربیت پانے کی وجہ سے آپؓ کے کردار کی سچائی اور افکار کی رعنائی منفرد تھی۔ خلافت راشدہ کے تسلسل میں آپ کی فتوحات، کرامات، کمالات اور بصیرت افروز فرمودات سے تاریخ بھری پڑی ہے۔ حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ کا نام،مقام اورپیغام تینوں ہی بے مثال ہیں۔ قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق آپ سے محبت کرناانسان کی بہت بڑی خوش بختی ہے۔ محبت مولا علیؓ اور اس کی شرائط کو سمجھنا فرائض میں سے ہے۔ آپ نے واضح طور پر ارشاد فرمایا کسی سینے میں میری محبت اور حضرت ابوبکر صدیقؓ اور حضرت عمر فاروقؓ کا بغض اکٹھے نہیں ہو سکتے۔ خلیفہ چہارم حضرت مولا علیؓ کی شرعی محبت جنت کا راستہ ہے۔ حضرت علیؓ کی شرعی محبت یہ ہے کہ بیک وقت وہ محبت خلفائے ثلاثہ یعنی حضرت ابو بکر صدیقؓ، حضرت عمر فاروقؓ، حضرت عثمان غنی ؓکی محبت کے ساتھ جمع ہو سکے۔ حُب حیدر کرارؓکا تقاضا ہے کہ حیدری کردار اپنایا جائے۔ صدیوں کے گزر جانے کے باوجود دلوں میں حضرت مولا علیؓکا پیار ماند نہیں ہوا۔ آپ کے کردار اور افکار سے قیامت تک روشنی بکھرتی رہے گی۔
حضرت سیدنا علی المرتضیٰ کا نام،مقام اورپیغام تینوں ہی بے مثال ہیں:ڈاکٹر اشرف آصف جلالی
















