کینسرکئیرہسپتال کی تعمیرکے تمام مراحل کی مسلسل مانیٹرنگ کریں گے :سلمان رفیق/ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت آئی ڈیپ ہیڈآفس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان،سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن(ر) شامیر، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور میاں طارق سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران لاہورمیں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کے ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت علی جان خان اور سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن (ر) شامیر نے اس حوالے سے صوبائی وزراءکو بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیرمحکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہورمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف کینسرکئیرہسپتال کے ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھرمیں کینسرکے مریضوں کو ایک ہی چھت تلے علاج و معالجہ کی بہترسہولیات میسر آ سکیں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور میں کینسرکئیرہسپتال کی شکل میں کینسرکے مریضوں کا دیرینہ مطالبہ پوراہونے جا رہاہے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی سائٹ کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے سائٹ پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔آئی ڈیپ کے افسران نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پرانے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی عمارت انتہائی کمزور ہو چکی ہے۔ متعلقہ اداروں کو نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نئے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر کے بعد ہزاروں مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔