فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیس،بے قصور افراد اور محفوظ فیصلوں کی سمری طلب

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیس،کے پی حکومت نے درخواست واپس لینے کی استدعا کردی،سپریم کورٹ نے بے قصور افراد اور محفوظ فیصلوں کی سمری طلب کرلی۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بنچ نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے اٹارنی جنرل منصور عثمان کو روسٹرم پر بلا لیا، جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کیا ملزموں میں کسی کی رہائی ہوئی ہے یا ہوسکتی ہے؟ ۔

اٹارنی جنرل نے کہا ٹرائل مکمل ہوچکا لیکن ابھی فیصلے نہیں سنائے گئے،کچھ ایسے ملزم ہیں جن کی گرفتاری کا دورانیہ سزا میں تصور ہوگا، سپریم کورٹ کے حکم امتناع کی وجہ سے بریت کے فیصلے نہیں ہوسکے،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا بریت کے فیصلے پر تو کوئی حکم امتناع نہیں تھا،بری ہونےوالے ملزموں کے فیصلے سنانے کی اجازت دی جائے۔

جسٹس امین الدین خان نے کہاجو ملزم بری ہوسکتے ہیں انہیں تو کریں، باقی کی قانونی لڑائی چلتی رہے گی، دوران سماعت خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل نے اپیل واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کابینہ کی قرارداد پیش کی، وکیل خیبرپختونخوا حکومت نے کہاانٹرا کورٹ اپیلیں واپس لینا چاہتے ہیں، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے صوبائی کابینہ کی قرارداد پر تو اپیل واپس نہیں کرسکتے، مناسب ہوگا اپیلیں واپس لینے کیلئے باضابطہ درخواست دائر کریں۔

درخواست گزار جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین نے بنچ کے سائز پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا103 ملزم زیر حراست ہیں، اہلخانہ عدالتی کارروائی میں شامل ہونا چاہتے ہیں چنانچہ عدالت اہل خانہ کو سماعت دیکھنے کی اجازت دے،جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے کمرہ عدالت بھرا ہوا ہے، کہاں بٹھائیں گے؟ عدالت آنے پر اعتراض نہیں ،معاملہ دیکھ لیتے ہیں۔

بعد ازاں جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ کے وکیل نے 9 رکنی لارجر بنچ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے کہاسپریم کورٹ کمیٹی سے گزارش کرے 9 رکنی بنچ بنایا جائے،5رکنی بنچ نے متفقہ فیصلہ دے کر ٹرائل کالعدم قرار دیا، 6 رکنی بنچ نے اگر 4-2سے کالعدم قرار دےدیا تو فیصلہ متنازع ہوجائےگا، عدلیہ پر عوامی اعتماد کےلئے ضروری ہے فیصلہ متنازع نہ ہو، ایسا تاثر نہ جائے بنچ کی تشکیل سے ہی فیصلہ واضح ہو، بنچ کی تشکیل کےلئے مناسب ہوگا معاملہ دوبارہ ججز کمیٹی کوبھیجا جائے۔

کیس میں درخوست گزاروں نے بنچ کےساتھ نجی وکلا پر بھی اعتراض عائد کردیا، وکیل فیصل صدیقی نے کہا سرکاری اداروں کی جانب سے اٹارنی جنرل نے 5 اپیلیں دائر کررکھی ہیں، بعض وزارتوں کی جانب سے نجی وکلا کی خدمات حاصل کی گئیں، اٹارنی جنرل نے خود اپیلیں دائر کیں تو عوام کا پیسہ نجی وکلا پر کیوں خرچ ہو،بعد ازاں عدالت نے اٹارنی جنرل سے زیر حراست 103 افراد میں سے بریت کے اہل افراداور محفوظ فیصلوں کی تفصیلات طلب کرلیں اور فریقین کو نوٹس جاری کرکے سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔