گیس قیمتوں میں اضافہ،وزیراعظم برہم،ٹیکس چوروں کیخلاف اقدامات کافیصلہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف گیس قیمتوں میں اضافے پر برہم،آڈٹ رپورٹ طلب کرلی اور اوگرا ،گیس کمپنیوں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

شہباز شریف نے وزارت توانائی کو ایک سے 3 ماہ میں 16 ٹاسک مکمل کرنے کے احکامات جاری کردئیے،وزیراعظم نے ہدایت دی 3 ماہ میں انفرا سٹرکچر، گیس چوری و ناقص کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ دینے کےساتھ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی مانیٹرنگ کےلئے فوری طور پر بین الوزارتی کمیشن قائم کیاجائے ۔

وزیراعظم نے ایک ماہ میں سرپلس بجلی کھپانے کےلئے نئے انڈسٹریل زون تیار کرنے کا پلان بھی مانگ لیا،2 ہفتوں میں پاور و پٹرولیم ڈویژن کو گردشی قرضے کا حل تیار اورایک ماہ میں گیس قیمتوں میں حالیہ اضافے کی فرانزک آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔

دریں اثنا ٹیکس چوروں ونادہندگان کےخلاف ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کر لیاگیا،فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر ہونے والے جائزہ اجلاس میں کیا گیا،شہباز شریف نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی راہ میں رکاوٹوں کی نشاندہی اور ذمہ داروں کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی کے قیام کی ہدایت کر دی،انکوائری کمیٹی 7 دن میں رکاوٹوں ،ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی نشاندہی ،کارخانوں میں ٹیکس کے خودکار نظام کے اطلاق کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز دے گی۔

شہباز شریف نے استفسار کیا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال کیوں نہ ہو سکا؟ تمباکو، چینی، سیمنٹ اور کھاد کی صنعت میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال ہو جانا چاہئے تھا، 4 بڑے شعبوں کے علاوہ باقی اہم شعبوں میں بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا جائے۔

شہباز شریف نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا خودکار نظام اور ڈیجیٹل سٹریٹجی کے نفاذ کا جامع لائحہ عمل طلب کرتے ہوئے ہدایت کی سیمنٹ کے کارخانوں کی تمام پروڈکشن لائنز پر سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے سے انکاری کارخانوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو جعلسازی و غیر معیاری مصنوعات کی روک تھام کیلئے بھی بروئے کار لایاجائے۔

وزیر اعظم نے کہا ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے ، مافیا کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہا ہے، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات لی جائیں۔