بجلی بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف حکومت و دیگر فریقین کو نوٹس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بجلی بلوں میں فردر ٹیکس اور ایکسٹرا ٹیکسز کےخلاف درخواستوں پر وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹس،سپریم کورٹ نے جواب طلب کرلیا، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا درخواست گزار اداروں پر رجسٹریشن کا قانون لاگو نہیں ہوتا، قانون کے مطابق فردر ٹیکس اور ایکسٹرا ٹیکسز رجسٹریشن نہ کرانے والے اداروں پر لاگو ہوتا ہے، جی ایس ٹی ہمارے ادارے پہلے ہی ادا کر رہے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے آدھا ٹیکس دینا ہے، آدھا نہیں، عجیب بات ہے، آپ یا تو کہہ دیں کہ ہم پر کوئی بھی ٹیکس نہیں لگتا،انہوں نے ریمارکس دیے فریقین کو نوٹس جاری کر رہے ہیں،دریں اثنا عدالت نے درخواستوں پر وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے اور کیس کی مزید سماعت 25اپریل تک ملتوی کردی۔