اسلام آباد ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں ریمارکس دئیے قانون کے مطابق غیرملکی طاقت کا بتانا ضروری ہے؟ سائفر میں کمیونی کیشن کیا ہے؟ ،واشنگٹن سے ایک شخص نے ایک چیز بھیجی وہ کیا ہے؟ ،عمران کی تو سیاسی تقریر تھی اور قریشی کی تقریر کا سر پیر ہی سمجھ نہیں آیا۔
ہائیکورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کےخلاف اپیل پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا اپیل قابل سماعت ہونے اور اپیل کے میرٹس پر اکٹھا فیصلہ کریں گے،بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دئیے عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر الزام ہے 28 مارچ 2022ءکو بنی گالہ میٹنگ میں سازش تیار کی،سلمان صفدر نے کیس میں لگے الزامات پڑھ کر سنائے۔
تقریر کا متن سن کر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا مجھے تو سر پیر ہی سمجھ نہیں آیا، سلمان صفدر نے کہااسی تقریر کی بنیاد پر شاہ محمود قریشی کو 10سال قید کی سزا سنائی گئی پھر وکیل سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی کی تقریر عدالت میں پڑھ کر سنائی ،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے یہ تو سیاسی تقریر تھی۔
،سلمان صفدر نے کہا بانی پی ٹی آئی پر سائفر کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کا الزام لگایا گیا، عدالت نے سزا سناتے ہوئے کہا ایسا جان بوجھ کر کیا گیا اور غفلت بھی قرار دیا،چیف جسٹس نے کہا دونوں الزامات کیسے ہو سکتے ہیں؟ جان بوجھ کر کیا ہو گا یا غفلت ہوگی،،وکیل نے کہا بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر میٹنگ میں سازش تیار کرنے کا الزام لگایا گیا جس جلسے میں تقاریر کی گئیں وہ 27 مارچ کو ہوا، جس میٹنگ میں سازش کی تیاری کا الزام ہے وہ 28 مارچ کو ہوئی، دلچسپ ہے تقریریں پہلے ہوگئیں اور سازش بعد میں تیار ہوئی۔
چیف جسٹس نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے بارے کہا بدقسمتی سے 1947ءسے گورا جو قانون بنا گیا اس نے یہ نہیں کہا تھا آپ اس میں تبدیلی نہیں کرسکتے ایک اور المیہ یہ بھی ہے جس قانون کو ہم چھیڑتے ہیں وہ خراب کر دیتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا سیکرٹ ڈاکومنٹ کو سیل کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ پبلک میں نا آئے ہم پوچھنا چاہ رہے ہیں کہ وہ کمیونی کیشن کیا تھی؟،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا قانون کے مطابق غیرملکی طاقت کا بتانا ضروری ہے؟ اس سائفر میں کمیونی کیشن کیا ہے؟ ،واشنگٹن سے ایک شخص نے ایک چیز بھیجی وہ کیا ہے؟ اس شخص نے بتایا تو ہوگا نا کہ کیا چیز بھارت کے ہاتھ لگ گئی تو سکیورٹی سسٹم متاثر ہوگا، کیا سائفر ٹرائل کورٹ کے جج کو دکھایا گیا؟،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا پھر ہم پراسیکیوشن سے معلوم کر لیں گے بعدازاں سائفر کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی ۔
دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے دائر درخواست واپس لینے پر نمٹا دی۔
دوسر ی جانب بانی پی ٹی آئی پر فائرنگ کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے پراسیکیوشن کو 2 ہفتوں کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی پر وزیر آباد میں فائرنگ کے مرکزی ملزم نوید بشیر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
سائفر کیس،عمران کی تقریر سیاسی،قریشی کے خطاب کاسر پیر ہی سمجھ نہیں آیا، اسلام آباد ہائیکورٹ
















