اسلام آباد :(بیورورپورٹ) قومی اسمبلی میں 7آرڈیننس کی مدت میں توسیع منظور،اپوزیشن کاشدید ہنگامہ،احتجاج،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں،ایوان نے غزہ میں اسرائیلی ظلم کےخلاف قرارداد بھی منظور کرلی،مخصوص نشستوں پر رکن قومی اسمبلی بننے والی 5 خواتین نے حلف اٹھالیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میںوزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 7 آرڈیننس پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ترمیمی) 2023، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (ترمیمی) آرڈیننس 2023، پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ (ترمیمی) آرڈیننس 2023، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2023، کرمنل لاء(ترمیمی) آرڈیننس 2023، پرائیوٹائزیشن کمیشن (ترمیمی) آرڈیننس 2023 اور اسٹیبلشمنٹ آف ٹیلی کمیونیکیشن ایپلٹ ٹریبونل آرڈیننس 2023 کی مدت میں 120 دن توسیع کیلئے قرارداد پیش کی توسنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شدید ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے آرڈیننس کی کاپیاں پھاڑ دیں،اپوزیشن کے شور شرابے میں سپیکر نے گنتی کرادی،قرارداد کی حمایت 130اور مخالفت میں 63ووٹ پڑے۔
سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا آرڈیننس پاکستان کو بیچنے کیلئے ہیں، توسیع کی قرارداد مسترد کرتے ہیں،ن لیگ والوں کو خود بھی نہیں پتہ کیا کررہے ہیں، یکدم آرڈیننس پر آرڈیننس آ رہے ہیں،کیا پتہ آدھا ملک ہی بیچ دیں، عجلت میں قانون سازی نہ کریں۔
اسد قیصر نے کہا نوید قمر صاحب آپ نے اسمبلی فلور پر کہا تھا رولز کے مطابق چلیں گے اب کیا ہو رہا ہے؟ جس طرح بل لائے جا رہے ہیں ،مذمت کرتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کو وقت دیا جائے،شہباز شریف جب اپوزیشن لیڈر تھے تو 10 ، 10گھنٹے تقریر کرتے تھے، رولز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہاآپ کم از کم نقطہ نظر تو سن لیں،آرڈیننس پیش کئے جانے کے طریقہ کار پر پیپلز پارٹی کو بھی سنگین تحفظات ہیں،رولز کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے،خورشید شاہ نے کہا اپوزیشن سے اتفاق کرتا ہوں آرڈیننس سے حکومتیںنہیں چلتیں مگر دیکھنا چاہیے پچھلے 3ادوار میں سب سے زیادہ آرڈیننس کس کے دور میں آئے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا آئی ایم ایف کو خط لکھنے اور جی ایس پی پلس بند کرانے سے ملک نہیں چلے گا،اپوزیشن سے درخواست کروں گا ملک ،ریاست سب کی ہے، خدا کےلئے معیشت چلانے، غریب آدمی کی زندگی آسان کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں، ہر وقت قیدی کے پیچھے کھڑے نہ ہوا کریں۔
دریں اثنا فلسطینیوں پر صیہونی ظلم کےخلاف ایوان متحد نظر آیا اور اسرائیل کےخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی،کچھ اراکین نے غلطی سے قرارداد کی مخالفت میں آواز اٹھائی لیکن سپیکر کی جانب سے درستی کرانے پر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا،قرارداد کے متن کے مطابق ایوان فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، حکومت غزہ میں سیز فائر کیلئے عالمی برادری پر دباﺅ ڈالے،قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔
بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمااسد قیصر نے کہا پارلیمنٹ ضیاالحق والی مجلس شوریٰ بن گئی ،قانون و آئین کی بد ترین خلاف ورزیاں کی جارہی ہےں،ن لیگ کو اور سیٹیں دینے کاٹارگٹ ہے،سارے عمل کو کون سی پارلیمنٹ مانے گی،آپ نے سارا عمل کیوں کیا ،بس نوٹیفکیشن کرالیتے، مزاحمت کریں گے،لمبی جنگ ہے مختصر نہیں۔
اسد قیصر نے کہاسارا نظام پسند اور ناپسند پر آگے پیچھے ہورہا ہے سب ختم ہوگا،ہر جگہ مقابلہ کریں گے،مینڈیٹ چوروں کو نہیں مانتے،بیرسٹر گوہر نے کہا الیکشن کمیشن صاف ،شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کرانے میں فیل ہوا،قومی اسمبلی میںحکومت غیر آئینی و غیر قانونی طرز عمل کو لےکرآگے بڑھی۔
عمر ایوب نے کہاآرڈیننسز میں کرپشن ،پیسے کی بو آرہی ہے، پیپلز پارٹی کے اراکین نے بھی تائید کردی، پی ٹی آئی کاآئی ایم ایف کےساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا،علی امین گنڈاپورنام نہاد وزیراعظم سے ملنے گئے تھے، آگے بجٹ آرہا ،صوبے کو چلانا ہے، مرکز کا حق ہے صوبے کے واجبات ادا کرے،قومی اداروں کو پرائیویٹائزیشن ضرور کریں لیکن طریقہ کار شفاف ہونا چاہیے، چیف الیکشن کمشنر کو کرپٹ حکومت نے لالی پاپ دیا ۔
قومی اسمبلی،7آرڈیننس کی مدت میں توسیع منظور،اپوزیشن کاہنگامہ، کاپیاں پھاڑ دیں



















