دوسروں کے کئے کاموں کا کریڈٹ لینا پی ٹی آئی کا وطیر ہ ہے: ‘عظمیٰ بخاری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پہلی بار ملک میں خاتون وزیراعلیٰ بنی ہیں، خواتین کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب بہت حساس ہیں،وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ خواتین کی سیفٹی کے حوالے سے ایک ایپ متعارف کرائی جائے، نیور اگین کے نام سے ایپ متعارف کرائی جائیگی جسے وزیراعلی پنجاب خود مانیٹر کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں خواہ مخوا نان ایشوز کو ایشو بنایا جاتا ہے، خواتین کے تحفظ کے حوالے سے جو بھی اقدامات ہیں وہ کریں گے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کہہ چکی ہیں کہ ایک ماہ میں شہروں کی صفائی ہو جانی چاہیے، لاہور میں ڈمپنگ سائٹس کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب چھوٹے شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ کا پلان مانگ چکی ہیں، ان کی پہلی میٹنگ مہنگائی کے حوالے سے ہی تھی۔ دریں اثناءصوبائی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ سرگودھا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بارے میں پی ٹی آئی کا پراپیگنڈہ قطعی بے بنیاد ہے،سرگودھا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بارے میں ایکس پر پیش کردہ لیٹر محض ایجنڈا ہے، ایس سی سی ایف ڈی میں سرگودھا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کی منظوری اگر ہوئی تو بنوایا کیوں نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن اور کام کرنے کی رفتار دیکھ کر پی ٹی آئی پر سکوت مرگ طاری ہے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف اور انکی ٹیم اتنا کام کریگی کہ 5سال بعد پی ٹی آئی کا نام و نشان مٹ جائیگا، دوسرے کے کئے ہوئے کاموں کا کریڈٹ لینا پی ٹی آئی کا وطیر ہ ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کتنا جھوٹ بولیں گے، جھوٹ بول بول کر عوام کو گمراہ کرنے کا وقت گزر چکا ہے،انکے دورمیں نہ کوئی ہسپتال بنا اور نہ کوئی سکول، بس پیسے بناتے رہے ،جھوٹ بولنے میں پی ٹی آئی والے شیطان کو بھی مات دے دیتے ہیں،پی ٹی آئی نے جھوٹ بولنے اور سچ سے گریز کی قسم کھائی ہوئی ہے۔