معاشرے میں تقسیم، ایک گروپ مفاہمت، دوسرا عدم استحکام چاہتا ہے :سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اس وقت سیاست میں دو قسم کی تقسیم پیدا ہو چکی ہے، ایک گروپ مفاہمت تو دوسرا عدم استحکام چاہتا ہے، یہ پارلیمنٹ معلق نہیں ہے ہمارے پاس دو تہائی ارکان کی حمایت حاصل ہے،معاشرے میں رواداری اور سیاسی ڈائیلاگ کا کلچر پیدا کیا جانا چاہیے، اتحادی سیاسی جماعتوں کی اپنی سوچ ہے، ان کے شکوے سیاسی بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہو ںنے بطور مہمان ِ خصوصی قائد اعظم کیمپس پنجاب یونیورسٹی لاہور میں کتاب میلے کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ نوجوان نسل میں کتاب کلچر کو فروغ دینے سے معاشرے میں رواداری بڑے گی اورجہالت کا خاتمہ ہو گا۔ بہت عرصہ بعد کتاب میلہ دیکھا، خواہش ہے یہ سلسلہ آگے بھی چلتا رہے۔ کتاب پڑھے بغیر معاشرے میں بگاڑ،گالی و بہتان کا کلچر بڑھ گیا ہے اور اس نے مجھے بھی خوفزدہ کر دیا ہے۔ سپیکرپنجاب اسمبلی نے کہا کہ سوچ کااختلاف ذاتی عناد سے بڑھ کر ایسی جگہ چلا گیا جہاں خوف و ہراس بڑھ گیاہے۔ اس وقت ڈائیلاگ اور مکالمہ کی معاشرے میں شدید ضرورت ہے۔ کہیں نہ کہیں ہم سے غلطی ہوگئی ہے اسکو درست کریں وگرنہ ہر شعبہ کا نقصان ہوگا۔ کتب کے درمیان ہوں گے تو اس سے بات کرنے کا طریقہ آئے گا۔ سپیکرملک محمد احمد خان نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی استحکام قائم کرنا ضروری ہے، اگر عدم استحکام رہے گا تو مسائل رہیں گے۔ یہ پارلیمنٹ معلق نہیں ہے ہمارے پاس دو تہائی ارکان کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دو قسم کی سیاسی تقسیم ہے ایک تقسیم بیانیہ ومفاہمت اور دوسری طرف گمراہی کھڑی ہے۔ پچیس کروڑ لوگوں کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے کیونکہ ادھر بے روزگاری مہنگائی سمیت دیگر مسائل ہیں۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مولانا سے بہت کچھ سیکھا ہے، مولانا فضل الرحمن کی دلیل نے بتایا کچھ لوگ عدم استحکام چاہتے ہیں۔ شکوے و شکایت ڈائیلاگ سے باہمی اختلافات ختم کر سکتے ہیں۔ ہم اور مولانا فضل الرحمن اکٹھے بھی رہے ہیں۔ ۔انہوں نے کہا کہ خوفزدہ ہوں، سوچ کا اختلاف ایسی جگہ چلا گیا جہاں دلیل کی گنجائش نہیں، معاشرے میں رواداری اور سیاسی ڈائیلاگ کا کلچر پیدا کیا جانا چاہیے۔ ملک محمد احمد خان کا مزید کہنا ہے کہ انفرا اسٹرکچر کی کمی کے باعث بیروزگاری میں اضافہ ہوتا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پنجاب یونیورسٹی پنجاب اسمبلی سے پارلیمانی کورسز کروانے کے ساتھ یوتھ کو پارلیمنٹ پریکٹس بھی کروائیں۔ صدیوں کا نچوڑ حاصل تجربات سے ہوتا ہے۔ الفاظ کی بنیاد پر ہی معاشرہ بنتا ہے۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کامیاب کتاب میلے کے کا میاب انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو مبارکباد دی۔ کتاب میلے میں لاہور کے شہریوں، ادیبوں، دانشوروں، صحافیوں، اساتذہ، طالب علموں کے علاوہ ہر مکتبہ فکر کے علم دوست نے شرکت کی۔