اے این پی کا صدارتی انتخابات میں زرداری کی حمایت کا اعلان، پارٹی ترجمان لاعلم

چارسدہ (مشرق نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے وفد نے چار سدہ کے باچا خان مرکز میں عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلز پارٹی کے وفد میں شیریں رحمان، ندیم افضل چن اور نیئربخاری شامل تھے۔

اے این پی کی سینئر قیادت کے علاوہ سینیٹر ہدایت اللہ خان اور سینیٹر ارباب عمرفاروق کاسی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ باچا خان مرکز کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پی پی وفد نے اے این پی سے صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کیلئے حمایت کی درخواست کی تاہم اے این پی نے پارلیمانی سیاست میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بعد ازاں آصف علی زرداری کی قیادت میں وفد نے صدر اے این پی خیبرپختونخوا ایمل ولی سے ملاقات کی جس کا اعلامیہ پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ اے این پی صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کریگی تاہم ترجمان اے این پی زاہد خان پارٹی کے اس فیصلے سے لاعلم نکلے اور انہوں نے کہا کہ اسفند یار ولی نے پارلیمانی انتخابات کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا تھا۔

زاہد خان کے مطابق پہلا بیان پارٹی کے مرکزی صدر کا تھا، اب آصف زرداری سے ملاقات صوبائی صدر نے کی، یہ پارٹی کے مرکزی اور صوبائی صدر کا معاملہ ہے جسے دونوں نے خود حل کرنا ہے۔