ٹریفک روکنے پربرہم،مالیاتی امور میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘مریم نواز

لاہور:(رپورٹنگ ٹیم)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے مالیاتی امور میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، صحت و دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت دربار ہال سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا ،چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری خزانہ نے تفصیلی بریفنگ دی۔

مریم نواز نے کہا ڈینگی ،پولیو سے بچا ﺅپر توجہ دی جائے، عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہئے، خدمت کے جذبے سے سر شار، دیانتدار افسروں کو سیلوٹ کرتی ہوں، میرٹ کی خلاف ورزی کروں گی نہ ہونے دوں گی، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہو گی،عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے، سٹرکچرل ریفارمز کرنا ہوں گی، مسائل کی جڑ تک پہنچ کر ختم کریں گے، افسر و ملازمین میری ٹیم ہیں، کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائےگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا عوام کی خدمت کے مشن کی تکمیل کےلئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا،سول سرونٹس محب وطن ،خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں، احتساب، شفافیت، کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں، کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں،سروس آف ڈلیوری پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ڈرنے و گھبرانے کی بجائے افسر سچ بتائیں، ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے سے قبل زمینی حقائق سامنے رکھے جائیں، بطور سیاستدان عوام کی خواہشات کے تابع رہتے ہوئے سروس آف ڈلیوری بہتر بنائیں گے۔

مریم نواز نے کہاعوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے، احتساب کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ بہتر بنائیں گے، منصوبوں میں شفافیت کا عمل برقرار رکھا جائے،ترقیاتی منصوبے ٹائم فریم کے تحت مکمل کئے جائیں گے، کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔

وزیراعلیٰ نے سابق کمشنر آفس کو گرا کر نئی بنائی گئی محکمہ داخلہ کی عمارت کا بھی دورہ کیا،سول سیکرٹریٹ کے مختلف مقامات گئیںاورایک سال کے دوران سول سیکرٹریٹ میں کی جانے والی تبدیلیوں کو خوشگوار قرار دےدیا۔

قبل ازیںوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صبح 9 بجے دفتر پہنچیں ، ٹریفک روکنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی ٹریفک مینجمنٹ کو ٹھیک کریں، شہریوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے ،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں گلیوں کی مرمت کے پراجیکٹ کا اعلان کردیا،ضلع شیخوپورہ اور ننکانہ کے اراکین اسمبلی کی ملاقات کے دوران مریم نوازنے دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی وسیوریج کےلئے پلان طلب کرلیا۔