سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیںکیس میں نیا موڑ، ن لیگ، پی پی ،متحدہ بھی دعویدا ر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیںکیس میں نیا موڑ، ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم بھی دعویدا ر بن گئیں،پی ٹی آئی کا سینٹ میں احتجاج،ایوان کی کارروائی کابائیکاٹ ،الیکشن کمیشن نے تمام پارلیمانی جماعتوں کو نوٹس جاری کردئیے۔

سنی اتحاد کونسل کےخلاف 6 درخواستوں پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

پیپلز پارٹی، ن لیگ، ایم کیو ایم کی طرف سے اعظم نذیر تارڑ، فاروق ایچ نائیک، فروغ نسیم پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاسنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کو چیلنج کیا ، سوال ہے بطور جماعت کیا سنی اتحاد کونسل کا مخصوص نشستوں کا استحقاق ہے یا نہیں،سنی اتحاد کونسل نے آخری تاریخ تک الیکشن کمیشن میں مخصوص نشستوں کیلئے کوئی فہرست ہی جمع نہیں کرائی، جب فہرست ہی جمع نہیں کرائی تو سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں کیسے دی جاسکتی ہیں؟ ایسی پارٹی مخصوص نشستوں کا دعویٰ کر رہی ہے جو ایک بھی جنرل نشست نہیں جیتی۔

بیرسٹر گوہر نے دلائل دئیے 86آزاد اراکین سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے تھے، الیکشن کمیشن نے 81 کو شامل کیا،مخصوص نشستوں کیلئے آئے ہیں دیگر سیاسی جماعتیں نشستیں لینا چاہتی ہیں تو اوپن کہیں،ایم کیوایم،ن لیگ اور پی پی بطور جماعت آکر کلیم کرےں۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا خالد مقبول صدیقی آئے ہیں نشستیں آپ کو نہ ملیں، اعظم نذیرتارڑنے کہابنیادی معاملہ ہے ایک سیاسی جماعت کو مسترد کیاگیا اوروہاں شامل ہوگئے،الیکشن کمیشن قومی و صوبائی اسمبلیوں میں آنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو سنے، آئینی و قانونی سوال کی وضاحت ضروری ہے۔

علی ظفر نے کہا کسی کو حق نہیں میری نشست لے، بیرسٹر گوہر نے استدعا کی ہماری مخصوص نشستوں کی درخواست بھی سماعت کےلئے مقرر کریں،چیف الیکشن کمشنر نے کہا سماعت کےلئے درخواستیں مقرر کی ہیں، علی ظفرصاحب! آپ سب کیسز میں فریق ہیں؟،معاملہ فیصلے کےلئے الیکشن کمیشن پر چھوڑ دیں،فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کو بلا کر سنے،بعدازاںالیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کیخلاف آنےوالی تمام درخواستوں کو یکجا کر دیااور سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔

سنی اتحاد کونسل،ایم کیو ایم،ن لیگ، پیپلز پارٹی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے جے یوآئی ، جی ڈی اے، استحکام پاکستان پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ کو بھی نوٹس جاری کردیاگیا، کمیشن کا فل بنچ درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر،عطا تارڑ نے کہااسمبلیوں میں مخصوص نشستیں صرف الیکشن جیتنے والی جماعتوں کیلئے ہوتی ہیں،سنی اتحاد کونسل کی نشستیں نہیں بنتیں، ن لیگ کو دی جائیں، قانونی پوزیشن واضح ہے، ہمیشہ کی طرح پی ٹی آئی آئین پامال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہاامید ہے الیکشن کمیشن عوام کی امنگوں کے مطابق اپنا فیصلہ سنائے گا،پنجاب ،سندھ اسمبلی کا سیشن غیر قانونی طریقے سے ہوا، وفاقی اسمبلی کا سیشن بھی غیر قانونی ہوگا، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے ریزرو سیٹوں کا بہتر فیصلہ کرے، مخصوص نشستوں کے فیصلے تک قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں ہو سکتا۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن حقائق، آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرےگا،بنارسی ٹھگ اپنا حصہ لینے آئے تھے،انسان میں کچھ شرم ،حیا ہوتی ہے۔

مزید برآں ن لیگ،پیپلز پارٹی کی جانب سے مخصوص نشستیں مانگنے پر پی ٹی آئی نے سینٹ میں شدید احتجاج کرتے ہوئے چیئرمین ڈائس کاگھیراﺅ کیا اورایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا،بیرسٹر علی ظفر نے کہاپیپلز پارٹی اور ن لیگ کا الیکشن کمیشن میں جاکر سیٹیں مانگنا غیر جمہوری و غیر آئینی ہے ، سیاسی جماعتوں کا کوٹے سے ہٹ کر مخصوص نشستیں لینے کا دعوی کرنا غیر آئینی اقدام ہے۔