اسلام آباد (مشرق نیوز) پی ٹی آئی نے سینیٹ میں شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید طویل عرصے بعد ایوان میں آئے تو پی ٹی آئی سینیٹرز نے ان کا استقبال کیا۔ پی ٹی آئی ارکان نے جیلوں میں قید خواتین کے حق میں پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کیا اور چیئرمین کے ڈائس کا گھیراو کر لیا۔
سینیٹرز نے قیدی خواتین اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے نعرے لگاتے ہوئے ڈپٹی سپیکر کی جانب سے مائیک نہ دینے پر ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ اور واک آوٹ کردیا۔ بیرسٹر علی ظفر نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 9ماہ سے ہماری خواتین سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، ایک کیس سے نکلتی ہیں تو جیل کے باہر سے دوسرے کیس میں پکڑ لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا نظام آئین پر مبنی ہے، آئین میں واضح لکھا ہے جس جماعت کی جتنی نشستیں ہیں اس کے مطابق انہیں مخصوص نشستیں ملیں گی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا الیکشن کمیشن میں جاکر ہماری سیٹیں مانگنا غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے ، سیاسی جماعتوں کا کوٹے سے ہٹ کر مخصوص نشستیں لینے کا دعوی کرنا غیر آئینی اقدام ہے۔
سینیٹ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر سعدیہ عباسی نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو سیٹس پی ٹی آئی کی بنتی ہیں انکو دی جائیں، جو کچھ اس الیکشن میں ہوا اس سے نظریں نہیں چھپاتے، چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے تھا الیکشن شفاف نہیں تھا۔
پی پی، ن لیگ کا ہماری سیٹیں مانگنا غیر آئینی ہے، پی ٹی آئی کا سینیٹ میں احتجاج
















