راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں عمران، بشریٰ پر فردجرم عائد، دونوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، بشریٰ کو بنی گالہ سے اڈیالہ جیل لایا گیا، بانی پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی و دیگر وکلا پیش ہوئے، نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے دلائل دئیے، سماعت کے موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے دونوں کی موجودگی میں فردجرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزموں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ جج نے عمران خان سے سوال کیا آپ پرفریم چارج کیا جا رہا ہے، بتائیں ملوث ہیں یا نہیں؟ عمران خان نے کہا میں نے چارج شیٹ پڑھ کر کیا کرنا ہے، مجھے معلوم کیا لکھا ہے، کیس میں تاخیر نہیں چاہتے، 8 فروری سے پہلے نیب کو جلدی تھی اب ہم چاہتے ہیں سزا جلدی ہو۔
وکلا سلمان صفدر، ظہیر عباس چودھری اور عثمان گل نے 7 دن کا وقت مانگا، عدالت نے کہا آپ کو پہلے ہی کافی وقت دے چکے ہیں مزید نہیں دے سکتے، عدالت نے استفسار کیا خان صاحب پہلے بتائیں آپکے دانتوں کا چیک اپ ہوا یا نہیں؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا ابھی تک دانتوں کا چیک اپ نہیں ہوا، جیل انتظامیہ نے کہا تھا اتوار کو ڈاکٹر آئیگا اور اب جیل انتظامیہ کہہ رہی ہے اگلے اتوار کو ڈاکٹر آئیگا، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے و دانتوں کے چیک اپ کیلئے جنرل فزیشن و ڈینٹسٹ فراہمی کی درخواست کو منظور کرلیا۔ بعدازاں نیب عدالت نے کیس کی سماعت 6 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے 85 گواہوں میں سے 5 کو شہادتیں ریکارڈ کرانے کےلئے طلب کرلیا۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر درست کیا، پارٹی جیت گئی، مخصوص نشستیں نہیں دی جا رہیں، مشاورت کے بعد آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا جائےگا، خط میں لکھیں گے سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔
عمران خان نے کہا 20 نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ ضرور بنتا ہے، پارٹی کو ختم کرنے کےلئے 9 مئی کا استعمال کیا گیا، ظلم سے پارٹی ختم نہیں ہوئی بلکہ سب سے مضبوط جماعت بن گئی۔ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر درست کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا شریف خاندان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا، عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہو سکتی، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط میں نے ڈکٹیٹ کرایا ،پارٹی رہنماو¿ں سے مشاورت کے بعد بھیج دیا جائیگا، تمام معیشت دان کہتے ہیں وسائل پیدا کئے بغیر قرض پر ملک نہیں چل سکتا، دھاندلی کر کے ہرائی جانے والی جماعتوں کو اکٹھا کررہے ہیں، ملکر ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔
190ملین پاﺅنڈ ریفرنس میں عمران، بشریٰ پر فردجرم عائد،دونوں کاصحت جرم سے انکار
















