اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)نیا آئینی بحران،صدر مملکت نے اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری مسترد کرکے واپس بھیج دی،سپیکر نے 29فروری کو اجلاس طلب کرلیا۔
عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری پر اعتراض لگاتے ہوئے کہا پہلے خواتین و اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو مکمل کریں پھر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے، صدر مملکت نے سمری وزیراعظم ہاوس اور وزارت پارلیمانی امور کو واپس بھجوا دی۔
دوسری جانب صدر کے انکار پر سپیکر نے قومی اسمبلی کااجلاس29فروری کو طلب کرلیا،ذرائع کے مطابق فیصلہ راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔
سپیکر نے اجلاس آرٹیکل 91کی شق ٹو کے تحت بلایا،سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسروں و آئینی ماہرین سے مشاورت کی، اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے سمری پر دستخط نہ کرنے سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا گیا،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے وزارت پارلیمانی امور اور وزارت قانون و انصاف سے بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں سپیکر کو بریفنگ دی گئی آئین کے مطابق 29فروری تک اجلاس بلانے سے روگردانی نہیں کی جاسکتی،آئینی ماہرین کے مطابق صدر کے سمری پردستخط نہ کرنے سے اسمبلی اجلاس کی طلبی میں کوئی رکاوٹ نہیں، صدرکا اختیار 21ویں دن سے پہلے اجلاس طلب کرنے کا ہے،ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے فیصلہ کیا صدر کے سمری مسترد کرنے کے باوجود اجلاس 29فروری کو ہوگا، اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
دوسری جانب ن لیگ،پیپلز پارٹی نے صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے کے اقدام کو آئین سے انحراف قراردےدیا۔
پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا صدر مملکت نے وقت پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلوانا ہوتا ہے لیکن عارف علوی کاوقت پر اجلاس نہ بلانا آئین سے انحراف ہے،21ویں روز تو اجلاس ہونا ہی ہوتا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہاعارف علوی کسی سیاسی جماعت نہیںملک کے صدر ہیں ،نامکمل اسمبلی کا تصور آئین میں نہیں، صدر کے پاس مشورہ دینے والے کافی لوگ ہیں اس لیے موجودہ حال تک پہنچے ۔
ادھر پی پی رہنما وسینیٹر شیری رحمن نے کہااجلاس طلبی مخصوص نشستوں پر فیصلے سے مشروط کرنا افسوسناک ہے، عمل سے علوی کی ساکھ پر زک پڑ رہی ہے، سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی شازیہ مری نے کہا صدر کی جانب سے اسمبلی کا اجلاس نہ طلب کرنا آئینی عمل سے انحراف ہے ،صدر آئین کا احترام نہ کرکے اپنی میراث تباہ کر رہے ہیں ، صدر آئین پر عمل کرےں یا منصب چھوڑ دیں،شازیہ مری نے کہاعلوی آمر ضیا کی سوچ پر عمل پیرا ہوکر آئین سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔
نیا آئینی بحران،صدر کاانکار،سمری واپس ،سپیکر نے قومی اسمبلی کااجلاس طلب کرلیا
















