لاہور :(رپورٹنگ ٹیم)بھرپور سیاسی جدوجہد، انتھک محنت اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنےوالی پاکستان کی”آئرن لیڈی“مریم نواز نے تخت پنجاب کی بڑی ذمہ داری سنبھال لی۔
مریم نواز منصب پر فائز ہونےوالی شریف خاندان کی چوتھی شخصیت ہیں،پہلے والد نواز شریف، چچا شہباز شریف اور چچا زاد بھائی حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب رہ چکے ہیں،28 اکتوبر 1973 کو لاہورمیں پیدا ہوئیں، شادی مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے سابق فوجی افسر کیپٹن ریٹائرڈ صفدرسے ہوئی، مریم نواز 2بیٹیوں ،ایک بیٹے کی والدہ ہیں،سیاست میں آنے سے قبل خاندان کی رفاہی تنظیم کے انتظام میں شامل رہیں۔
پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب بننے والی مریم نواز جارحانہ سیاست کی علمبردار، لہجہ بھرپور، سیاسی حکمت عملی بھی شاندار ہے،تعلیمی اداروں میں اپنی تقاریر سے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا، والد کےساتھ ڈٹ کر کھڑی ہوئیں اور سیاسی جانشین کہلائیں،جیل میں بی کلاس کی سہولتیں لینے سے انکار کیا اور عام قیدیوں کی طرح قید کاٹی، قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر مزاحمتی بیانیے سے پیچھے نہ ہٹیں،2012 میں سیاست کی طرف آئیں، 2013 کے عام انتخابات میں ن لیگ کی طرف سے انتخابی مہم چلانے کی ذمے داری ملی، 2013 میں یوتھ پروگرام کی سربراہ بھی رہیں لیکن پھر چند ماہ بعد ہی عدالتی کارروائی کے بعد عہدے سے مستعفی ہونا پڑا۔
پانامہ فیصلے کے بعد مریم نواز نے جارحانہ سیاست اپنائی، 2018 کے انتخاب میں قومی و صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا مگرایون فیلڈ ریفرنس میں 7سال سزا سنا دی گئی،10برس کےلئے نااہل بھی قرار دیا گیا ،پی ٹی آئی دور میں قیادت جیلوں میں ہونے پر انتخابی سیاست کا محاذ سنبھالا،والد کو وطن واپس لائیں اور 2024 بھی دبنگ انداز میں مہم چلائی۔
”آئرن لیڈی“مریم نواز کی سیاسی زندگی بھرپور جدوجہد سے عبارت
















