بلوچستان میں طوفانی ہواوں کے ساتھ بارش و برف باری جاری، بجلی غائب

کوئٹہ (مشرق نیوز) بلوچستان میں طوفانی ہواوں کے ساتھ کہیں موسلادھار بارش اور کہیں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ اور بولان طوفان سے متاثر ہیں جہاں شدید بارشیں ہوئیں۔

کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کے بعد مختلف علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی جبکہ زیارت، چمن، کوڑک ٹاپ، کان مہترزئی اور بولان میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ فروری کے اختتام پر یخ بستہ ہواوں، بارش اور برف باری نے ٹھنڈ پھر بڑھا دی ہے۔

ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور شوال میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ میرانشاہ، میر علی، غلام خان اور دتہ خیل کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں چلاس میں تتہ پانی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند شاہراہ قراقرم یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ہے۔