لاہوراسلام آباد: ( رپورٹنگ ٹیم،بیورورپورٹ) قومی اسمبلی اجلاس پر تنازع، مسلم لیگ (ن) نے ایوان صدر کو سازشوں کا گڑھ قرار دےدیا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا صدر مملکت نے سمری پر اجلاس نہ بلایا تو 29 فروری کو سپیکر آئینی طور پر خود اجلاس بلاسکتا ہے، آئین میں بڑا واضح ہے اگر اجلاس نہیں بلایا جاتا تو 21 ویں روز سپیکر کو بلانے کا اختیار ہے، آئینی مہلت کے حساب سے 29 فروری آخری تاریخ بنتی ہے۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبوں میں بھی اگر گورنر اجلاس نہیں بلاتا تو یہی اصول لاگو ہوگا، معیشت کیسے درست ہوگی ایسے فلور پر ڈسکس نہیں کرسکتا۔
ادھر پریس کانفرنس کرتے ہوئے نومنتخب رکن قومی اسمبلی عطا تارڑ نے ایوان صدر کو سازشوں کا گڑھ قرار دیتے ہوئے کہا عارف علوی اپنے عہدے سے انصاف نہیں کرسکے، صدر مملکت جمہوریت کو نقصان پہنچانے کےلئے تحریک انصاف کے کارکن بن کر پی ٹی آئی عہدےداروں سے خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس کی سمری بھیجی گئی لیکن صدر اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے سے گریزاں ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا اراکین قومی اسمبلی کے نوٹیفکیشن ہوچکے، صدر مملکت اجلاس بلائیںنہ بلایا تو سپیکر قومی اسمبلی کو اختیار حاصل ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہی ہوگا، اربوں کی کرپشن پر جیل میں بند قیدی کس حیثیت سے آئی ایم ایف کو خط لکھ رہا ہے؟ کیا قیدی آئی ایم ایف کو اپنی کرپشن پرمیں بھی لکھے گا؟ میثاق جمہوریت کی طرف جا رہے ہیں لیکن صدر مملکت جمہوریت کو پٹڑی سے ہی اتارنے پر تلے ہیں۔ صدر مملکت کا جب جی چاہتا ہے کہتے ہیں میں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ہے، جب جی چاہتا ہے ریاست مخالف بیانئے کو پروان چڑھاتے ہیں۔
دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ صدر کی طرف سے نئی منتخب اسمبلی کا اجلاس بلانے میں تاخیر اپنے اختیار کا ناجائز استعمال ہے۔ وزیراعظم کی سمری پر بلاتاخیر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا صدر پر لازم ہے۔ صدر مملکت ایک شخص کی وفاداری کی بجائے آئین کی پاسداری کریں۔ یاد رہے علوی وہی صدر ہے جس نے ماضی میں قومی اسمبلی کو غیرآئینی طریقے سے ختم کیا تھا۔
شازیہ مری نے کہا کہ صدر ماضی کی طرح آئین سے کھیلنے سے گریز کریں، علوی کی ہر آئین شکنی و عہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہیگا، قومی اسمبلی کے انتخابات مکمل ہوچکے، صدر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس کسی کی ذاتی انا اور ضد کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہئے، ایوان صدر کو ایک مرتبہ پھر جمہوریت کش اقدامات کےلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر عملدرآمد کے پابند ہیں، آئین کا آرٹیکل 91 مقررہ وقت کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا پابند کرتا ہے۔
علی حیدر گیلانی نے مزید کہا عارف علوی مدت ختم ہونے کے باوجود ایوان صدر میں براجمان ہیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے میں لیت و لعل سے کام لینے والے کسی اور کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، عارف علوی کے کمنٹس جانبداری ظاہر کرتے ہیں، ایوان صدر کے تقدس کا خیال رکھیں۔
اسمبلی اجلاس پر تنازع، صدر نے طلب نہ کیا تو سپیکر بلاسکتا ہے ،ن لیگ، پی پی
















