مریم نواز وعدوں کی تکمیل کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گی، احسن اقبال

نارووال،ظفروال: (بیورورپورٹ،تحصیل رپورٹر)سابق وفاقی وزیر وجنرل سیکرٹری ن لیگ احسن اقبال نے کہا ہے آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی ہے،مریم نواز وزیراعلیٰ بننے پر عوام سے کئے وعدوں کی تکمیل کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گی۔

ڈیرہ مشتاق خان باغ میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا الیکشن میں عوام نے تقسیم شدہ مینڈیٹ دیا، ن لیگ کو پنجاب میں اکثریت ملی اور مرکز میں مخلوط حکومت بنانا پڑی،مریم نواز بطور وزیراعلیٰ انقلابی کام کریں گی،پی ٹی آئی کو 3صوبوں نے مسترد کردیا، صرف کے پی کے میں مینڈیٹ ملا ۔

احسن اقبال نے کہاپی ٹی آئی کے کامیاب نمائندگان قومی اسمبلی میں مثبت کردار ادا کریں،انتشار، افراتفری پھیلانے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائےگا، ملکی امن و سکون اور استحکام کےساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے،ملک میں انتشار پھیلانے والے دشمن کے آلہ کار ہوں گے۔