مسلم لیگ (ن) پاور شیئرنگ فارمولا طے کرے ،17ایم این اے کے مطابق مطابق حصہ ملنا چاہیے: ایم کیو ایم

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایم کیو ایم وفد گورنر سندھ کامران ٹیسوری، مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھا، ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثنا، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود، عطاءتارڑ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے،شہبازشریف نے ایم کیو ایم کے تعمیری اور مثبت جذبے کو سراہا اور کہا کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے، ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ ملکر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں،مسلم لیگ (ن) کے نامزد وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں،اس موقع پر قائدین نے اتفاق کیا عوام کی خدمت کےلئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے، سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں،ایم کیو ایم وفد نے شہبازشریف کی ملک و قوم کےلئے خدمات کو سراہا، وفد نے کہا شہباز شریف 16 ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے، ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے مزید کہا امید ہے آپ کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن) کی غیر مشروط حمایت کردی،بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیر اعظم شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کی اور حکومت سازی سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،بلوچستان عوامی پارٹی نے پارٹی کے سربراہ نوا بزادہ خالد مگسی نے وفد کی قیادت کی جبکہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور سینیٹر کہدہ بابر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی،بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر کہدہ بابر نے کہا وفاق اور بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حکومت سازی میں ساتھ دیں گے۔