لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے کہ پولیس فورس کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، فورس کو درپیش مشکلات اور مسائل کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں پیشہ ورانہ امور بارے میرٹ کے مطابق ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ملازمین کی درخواستیں سن کر ریلیف کے بارے میں احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے ویلفیئر، ایڈمن اور ڈسپلن امور سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر فوری کاروائی کیلئے ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ درخواستوں پر کاروائی کرکے رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔دریں اثناء پنجاب پولیس نے لاہور سے تاوان کیلئے اغوا ہونے والا مغوی شہری میانوالی سے بحفاظت بازیاب کروا لیا، واقعہ میں ملوث تمام ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی کی بحفاظت بازیابی پر ڈی پی او میانوالی اور انکی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرکے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
پولیس فورس کی بہترین ویلفیئر اوّلین ترجیح ، اقدامات جاری رہیں گے :آئی جی پنجاب
















