اسلام آباد: (بیورورپورٹ)حکومتی اپیل جزوی منظور، سپریم جوڈیشل کونسل کو جسٹس (ر) مظاہر نقوی کےخلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت ،استعفے یا ریٹائرمنٹ سے جج کیخلاف کارروائی ختم نہیں ہوگی،سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا۔
عدالت عظمیٰ نے 4-1کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، جسٹس حسن اظہر رضوی نے اپیل زائدالمیعاد ہونے کی حد تک فیصلے سے اختلاف کیا ،مختصر فیصلے میں کہاگیاایک بار کارروائی شروع ہو جائے تو جج کے استعفے سے ختم نہیں ہوگی، مستعفی جج کیخلاف کارروائی جاری رکھنا جوڈیشل کونسل کا اختیار ہوگا،ریٹائرڈ ججز کےخلاف زیرالتوا شکایات پر کارروائی کرنا یا نہ کرنا سپریم جوڈیشل کونسل کی صوابدید ہے، وفاقی حکومت کی اپیل جزوی طور پر منظور کی جاتی ہے ،سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی شروع کردے تو استعفے یا ریٹائرمنٹ پر ختم نہیں ہو سکتی ،جسٹس امین الدین خان نے کہا تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
قبل ازیں جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے سماعت کی، اٹارنی جنرل منصور عثمان نے دلائل دئیے جج کے دوران سروس کیے گئے مس کنڈکٹ پر کارروائی کرنا سپریم جوڈیشل کونسل کا ہی اختیار ہے، عدلیہ، عوام ، حکومت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرتی ہے، عدلیہ بنیادی حقوق کی ضامن ہے اس لیے آزاد ہونا چاہیے، عدلیہ کی آزادی کےلئے ججز کا احتساب لازم ہے۔
منصور عثمان نے کہااگر احتساب سے اعتراض برتا جائے تو عدلیہ کی آزادی متاثر ہو گی، عدلیہ کی آزادی کےلئے سپریم جوڈیشل کونسل کو خود متحرک ہونا چاہیے، آرٹیکل 209کے تحت ججز کےخلاف انکوائری کا اختیار صرف سپریم جوڈیشل کونسل کو ہے، ججز کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کریں تو ضروری نہیں برطرفی کی سفارش کی جائے اگر کوئی جج ذہنی بیماری میں مبتلا ہو توعلاج ممکن ہے۔
اٹارنی جنرل نے کہاجن بیماریوں کا علاج ممکن ہے ان کی بنیاد پر کونسل جج کو کچھ عرصے کی رخصت دے سکتی ہے، ضروری نہیں ہے برطرف یا جائے، وقت کی پابندی نہ کرنے پر جج کےخلاف شکایت ہو تو کونسل برطرفی کی بجائے تنبیہ کر سکتی ہے، کونسل کے سامنے شکایت آ جائے تو کوئی نہ کوئی رائے دینا لازم ہے، جج ریٹائرمنٹ کے بعد چیف الیکشن کمشنر ،شریعت کورٹ کے ججز یا ٹربیونلز جیسے آئینی عہدوں پر مقرر ہوتے ہیں۔
منصور عثمان نے کہا ضروری ہے جج کے اوپر لگے الزام پر کونسل اپنی رائے دے تاکہ آئینی عہدوں پر تعیناتی ہو سکے، ججز کا احتساب ہونا چاہیے لیکن احتساب سے سپریم کورٹ کا وقار کم نہیں ہونا چاہیے، ججز کےخلاف کارروائی کوئی اور ادارہ نہیں کر سکتا، عوامی اعتماد کےلئے سپریم جوڈیشل کونسل کو شفافیت سے کام کرنا چاہیے۔
جسٹس عرفان سعادت نے کہا مثال موجود ہے ایک جج کےخلاف آرٹیکل 209کی کارروائی شروع کی گئی اور استعفے پر ختم کر دی گئی،جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے معاملہ 2019کا ہے تو اٹارنی جنرل آفس نے 5سال تک کیوں کوئی ایکشن نہیں لیا؟جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کسی جج کےخلاف کارروائی دوبارہ کرنی ہے یا نہیں فیصلہ کونسل کا ہوگا،بعدازاںعدالت نے دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرکے سنایا۔
استعفے سے جج کیخلاف کارروائی ختم نہیں ہوگی،سپریم کورٹ نے فیصلہ سنادیا
















