پولیس ہاﺅسنگ پراجیکٹ میں تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں روڈ کا دورہ کیا اور پولیس ہاوسنگ پراجیکٹ میں رہائش گاہوں کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ وقار عباسی، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر نے آئی جی پنجاب کو ہاوسنگ پراجیکٹ بارے بریف کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تعمیراتی میٹریل کے معیار کو چیک کیا اورکام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ رہائش گاہوں کی تعمیر کے دوران میٹریل اور کوالٹی پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے، سینئر افسران گھروں کے تعمیراتی کام کی خود نگرانی کرتے ہوئے پراجیکٹس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ہاوسنگ پراجیکٹ سے پولیس ملازمین کی رہائش گاہوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ سیزن 9 لاہور اور ملتان میں سکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بناتے ہوئے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کی سیکورٹی اور سہولت کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس، ٹریفک، ڈولفن، پیرو اور ایلیٹ سمیت فورس دیگر فارمیشنز کے جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں اور سیف سٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہوٹل، اسٹیڈیم اور دیگر حساس مقامات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی یقینی بنائی جار ہی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سینئر پولیس افسران سکیورٹی اور ٹریفک سمیت تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کے دورے پر آئے ڈچ ہاکی کلب ٹیم کے کھلاڑیوں نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، اولمپیئن خواجہ محمد جنید،آرگنائزر طاہر شاہ سمیت ڈچ ہاکی ٹیم کے کھلاڑی، کوچ اور آفیشلز وفد میں شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈچ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچ اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا۔ چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے ڈچ ہاکی کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کے مختلف فلورز کا وزٹ کروایا، ڈچ کھلاڑیوں کو سنٹرل پولیس آفس کی شہدا و غازی والز اور وال آف لیجنڈز پر کندہ پولیس ہیروز کے کارناموں سے آگاہ کیا گیا، ڈچ ہاکی کھلاڑیوں کو پنجاب پولیس کے قومی ہاکی ٹیم میں شامل سابق لیجنڈ کھلاڑیوں اور دیگر سپورٹس مین بارے بھی آگاہی دی گئی۔ ڈچ ہاکی پلئیرز کو سنٹرل پولیس آفس آڈیٹوریم، میوزیم اور دیگر حصوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔