پی این ایس یمامہ جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا:وائس چیف آف دی نیول سٹاف

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاکستان کےلئے سمندری گشت کے جہاز پی این ایس یمامہ کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق تقریب کا انعقاد رومانیہ کے ڈامن شپ یارڈ میں ہوا جس میں وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے بتایاکہ پی این ایس یمامہ جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا،اس جہاز کی شمولیت سے میری ٹائم سکیورٹی کےلئے صلاحیت بڑھے گی۔انہوں نے کہاکہ پاک بحریہ سمندر میں تجارتی راستے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے اس موقع پر بحری امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا۔وائس ایڈمرل نے پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر ڈیمن شپ یارڈ انتظامیہ کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے یرموک کلاس جہاز کے بعد پی این ایس تبوک پاک بحریہ میں شامل ہوا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یرموک کلاس کے آخری 2جہاز پی این ایس حنین اور پی این ایس یمامہ ہیں۔