اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کےخلاف دائر صدارتی ریفرنس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال اٹھائے کیا کیس فوج اور سپریم کورٹ کےلئے اپنی غلطی درست کرنے اور ساکھ بحالی کا موقع نہیں؟ کیا موقع نہیں دونوں ادارے خود پر لگے الزامات سے دامن چھڑائیں؟ مارشل لا انفرادی فیصلہ ہے، فوج بطور ادارہ نافذ نہیں کرتی،سپریم کورٹ نے کیس میں لواحقین و مدعی احمد رضا قصوری کو بھی سننے کا فیصلہ کرلیا۔
بھٹو کی پھانسی کےخلاف دائر صدارتی ریفرنس پر سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بنچ نے کی۔ سابق جج اسد چمکنی بھی عدالتی معاون کے طور پر پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے کہا آپ فوجداری قانون کے ماہر ہیں، آپ کو دوسرے مرحلے میں سنیں گے، عدالتی معاون مخدوم علی خان نے دلائل میں کہا مولوی تمیز الدین خان کیس میں سپریم کورٹ نے اہم نکتہ اٹھایا تھا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا اصل سوال ہے عدالتی کارروائی میں طریقہ کار درست اپنایا گیا یا نہیں۔ مخدوم علی خان نے کہا بھٹو کیس فیصلے میں بدنیتی پربات کروں گا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا سابق چیف جسٹس نے پھانسی فیصلے میں بدنیتی کی یا اعتراف جرم کیا؟ سابق چیف جسٹس نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا تو بدنیتی نہیں اعتراف جرم کہیں گے، بھٹو کیس کے فیصلے میں غلطی کا اعتراف کیا گیا، جان بوجھ کرغلط کام کیا جائے تو بدنیتی نہیں کہیں گے۔ مخدوم علی خان نے کہا سابق چیف جسٹس نے انٹرویو میں کہا فیصلے کےلئے دباوتھا۔ جسٹس قاضی فائز نے کہا اختیار سماعت بالکل واضح ہے، دوبارہ نظرثانی نہیں ہوسکتی، کیس میں لکیر کیسے کھینچ سکتے ہیں اگر میں دباو برداشت نہیں کرسکتا تو مجھے عدالتی بنچ سے الگ ہوجانا چاہئے، ایک شخص کہہ سکتا ہے کوئی تعصب کا شکار ہے، ہوسکتا ہے دوسرا یہ رائے نہ رکھے۔ مخدوم علی خان نے کہا پنوشے کیس میں جج پر جانبداری کا الزام لگا، پنوشے کیس میں 3-2 کے تناسب سے فیصلہ آیا، جیسے بھٹوکیس میں 4-3 کا فیصلہ تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کیا کیس میں جج کی جانبداری کا سوال ہے یا غلطی کے اعتراف کا؟ جج اعتراف کررہا ہے معلوم تھا فیصلہ درست نہیں پھر بھی دیا۔
مخدوم علی خان نے کہا لاہور ہائیکورٹ کے جج کی حد تک تو مولوی مشتاق کی جانبداری کا سوال تھا، سپریم کورٹ کے جج نے بعد میں کہا دباو تھا، چیف جسٹس نے کہا اگر میں جانبدار ہوں تو میرے سوا کوئی جان سکتا نہ ثابت کرسکتا ہے، ممکن ہے بھٹوکیس میں جانبداری کے علاوہ کوئی نئی کیٹیگری نکالنی پڑے اگر کل کو کوئی جج اٹھ کر کہے میں نے دباو میں فیصلہ کیا تو کیا ہوگا؟ جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا میں ابھی بھی آرٹیکل186 کا دروازہ کھلنے کے سوال پر ہوں، 3 بنیادی سوالات کے جواب دیں، بھٹو کیس کے فیصلے میں کیا ناانصافی ہوئی؟ ناانصافی ہوئی تو ثبوت کیسے ملیں گے؟ ثبوت مل جائیں تو کیا عدالت آرٹیکل 186 کے تحت انکوائری کراسکتی ہے؟۔
چیف جسٹس قاضی فائز نے کہا کیا سپریم کورٹ صدارتی ریفرنس کے دائرہ اختیار میں انکوائری یا کیس کا دوبارہ دروازہ کھول سکتی ہے؟ بھٹو کیس فیصلے میں ایک جج کے تناسب سے پھانسی دی گئی اگر 4-3 کی اکثریت کا فیصلہ نہ ہوتا توبعد میں ایک جج کا بیان اہمیت نہ رکھتا، کیا عدالت کمرے میں ہاتھی یعنی مارشل لا کو نظرانداز کردے؟ کیا پراسیکیوشن کو اس وقت ایک شخص کو مارشل لا کے نفاذ کےلئے سزا دینا مقصود نہیں تھا؟ جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کیا ان ججزنے پی سی او حلف لے رکھا تھا؟ مخدوم علی خان نے کہاپی سی او کا قانون 1981 میں آیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا سوال کسی اپیل میں طے نہیں کرنا چاہئے؟ چیف جسٹس نے کہاآئینی پہلو پر آپ کو زیادہ سننا چاہتے ہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیا کیس میں اختلاف کرنے والے ججز کو بعد میں ملک نہیں چھوڑنا پڑا؟ جسٹس صفدر شاہ کو ملک چھوڑنا پڑا، پھانسی فیصلے سے اختلاف کرنےوالے ججوں کا کوئی انٹرویویا کتاب ہے؟ مخدوم علی خان نے کہا جسٹس دراب پٹیل کا انٹرویو سرکاری ٹی وی کے پاس موجود ہے، دراب پٹیل کا انٹرویو یوٹیوب پر نہیں مگر سرکاری ٹی وی کے آرکائیو میں ہے۔
جسٹس نسیم حسن شاہ نے انٹرویو میں کہا تھا بھٹو کے وکیل نے سزا کم کرنے پر دلائل نہیں دئیے اور ججز کو ناراض کیا،چیف جسٹس نے کہا کیا کوئی جج کریمنل کیس میں سزا کےخلاف اپیل پر وکیل کی ملامت کرسکتا ہے؟ بھٹو کے وکیل سزا معطلی کی بجائے سزا میں کمی کی استدعا کیوں کرتے؟ جسٹس سردار طارق مسعود نے پوچھا کیا اپیل میں سزا کم کرنے کی استدعا تھی؟ چیف جسٹس نے کہا اپیل میں سزا کم کرنے کی استدعا نہ بھی ہو تو جج کو انصاف کی فراہمی کو دیکھنا ہوتا ہے، کیا ملکی تاریخ کا پہلا کیس تھا جس میں ٹرائل ہائیکورٹ نے کیا اور ایک اپیل کا حق چھینا؟ کیا سزائے موت 4-3 کے تناسب سے دی جاسکتی ہے؟ مجھے لگتا ہے کیس کے حقائق کو دیکھنا چاہئے۔
چیف جسٹس نے مخدوم علی خان سے کہا آپ مارشل لا پر زیادہ بات نہیں کرتے، عدالتی نظائر ہی بتا دیں، کیا واحد کیس ہے جس میں ڈائریکٹ ہائی کورٹ نے قتل کیس سنا؟ مخدوم علی خان نے کہا رپورٹ ہوئے مقدمات میں ایسا کوئی اور کیس نہیں، ویسے شاید ہو، دراب پٹیل نے انٹرویو میں کہا تھا ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ چیف جسٹس نے کہا دراب پٹیل مگر بدقسمتی سے نظرثانی متفقہ طور پر خارج کرنےوالے بنچ کا حصہ تھے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا بھٹو ریفرنس میں سپریم کورٹ کس قسم کاانصاف دے سکتی ہے؟ کیا بلاول اور ذوالفقاربھٹو جونیئر قصاص چاہتے ہیں؟ کیا ذوالفقار بھٹو قتل میں قصاص کا مطالبہ کیا جائےگا؟ مخدوم علی خان نے کہا دنیا میں ہرکام کا بدلہ نہیں لیا جاتا،کچھ لوگ اپنی عزت نفس، بیگناہی اور تقدس کی بحالی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکیا بھٹوکیس فوج، سپریم کورٹ کےلئے اپنی غلطی درست کرنے اور ساکھ بحالی کاموقع نہیں؟ کیاموقع نہیں دونوں ادارے خود پر لگے الزامات سے دامن چھڑائیں، مارشل لا فوج بطور ادارہ نہیں لگاتی بلکہ ایک شخص کا انفرادی فعل ہوتا ہے، کبھی نہ کبھی تو نئی شروعات ہونی ہے تو کیا یہ موقع نہیں؟ غلط کاموں کا مدعا انہی انفرادی شخصیات پر ڈال کر اداروں کا ان سے لاتعلق ہونے کا موقع نہیں؟ کیا ایسا کرنا قوم کے زخم نہیں بھرے گا؟ ماضی میں رہ رہے ہیں اور تاریخ بوسیدہ ہے،کیا بھٹو کیس فیصلے سے اداروں کے درمیان لکیر نہیں کھنچ جائیگی؟۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیس کے میرٹ نہیں دیکھ سکتے کیونکہ فیصلہ پہلے ہی ہوچکا، بھٹو کو جس طرح پھانسی کی سزا سنائی گئی اس طریقہ کار کو دیکھ سکتے ہیں اگر تعین کرنا ہے بھٹو کو سزا سناتے وقت ججز دباو میں تھے تو ثبوت کیا ہوں گے؟ ججز کے دباو¿ پر صرف انٹرویوز ہیں، کیا اس بنیاد پر فیصلہ کردیں؟ کیا سمجھا جائے مارشل لا کی وجہ سے جج دباو کا شکار تھے؟ کیا اس طرح مارشل لا کے دوران سنائے گئے سارے فیصلے اٹھا کر باہرپھینک دیں؟ چیف جسٹس نے کہا بھٹوکیس مخصوص کیس تھا استغاثہ نے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سزا سنائی، اگر کیس خاص پیرائے میں دیکھیں تو مارشل لا کے دوران باقی کیس دیکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی، مخدوم علی خان نے کہا جنرل ضیا الحق کو مخصوص تاریخوں میں بھٹو کی پھانسی درکار تھی۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہاکیس جلد سن کر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں، بنچ کے ایک رکن کی ریٹائرمنٹ سے پہلے کیس کا فیصلہ کریں گے، مخدوم علی خان نے کہا سپریم کورٹ آرٹیکل187 کا اختیار استعمال کرکے بھٹو کیس کا فیصلہ کرسکتی ہے، بھٹو کیس میں ججز کی جانبداری ثابت کرنے کےلئے جسٹس نسیم حسن کا انٹرویو موجود ہے، ججزکی جانبداری ثابت کرنے کےلئے جسٹس دراب پٹیل اور جسٹس اسلم ریاض کے انٹرویو بھی ہیں، ججز کی جانبداری ثابت کرنے کےلئے اسلم بیگ ،جنرل فیض چشتی کی کتاب موجود، اٹارنی جنرل کا خط بھی ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیا جن صاحبان پر جانبداری کا الزام لگ رہا ہے انکو سنا نہیں جانا چاہئے؟ عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
بعدازاں چیف جسٹس نے سماعت کاحکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہامخدوم علی خان نے دلائل دئیے اور تحریری بریف جمع کرانے کا بھی کہا، عدالتی معاون خالد جاوید خان تحریری جواب جمع کراچکے، خالد جاوید زبانی دلائل آئندہ سماعت پر دے سکتے ہیں، بھٹو کے لواحقین کو بھی سنا جائے گا، عدالتی معاونین کے بعد بلاول بھٹو کے وکیل فاروق نائیک، رضاربانی اور زاہد ابراہیم کو سنیں گے، احمد رضا قصوری کو بھی سنا جائےگا۔ مخدوم علی خان نے کہا حکم نامے میں تمام مسئلے کی جڑ اٹارنی جنرل پرلکھنا بھول گئے، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے کہا، جی تو مسئلے کی جڑ، آپ دلائل میں کتنا وقت لیں گے؟ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا میں آخر میں مختصر وقت لوں گا۔
بھٹوکیس:مارشل لا انفرادی فعل، فوج بطور ادارہ نافذ نہیں کرتی: جسٹس قاضی
















