لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ محنتی، قابل اور فرض شناس سٹاف افسران کسی بھی محکمے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جو پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی میں کلیدی کردار کرتے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ محکمہ پولیس میں میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق پروموشنز کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں 11 سینئر سکیل سٹینو گرافرز کوبطور پرائیویٹ سیکرٹری ترقی دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سینئر سکیل سٹینو گرافرز کی خالی ہونے والی سیٹوں پر قواعد و ضوابط کے مطابق مزید پروموشن کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں سینئر سکیل سٹینوگرافر سے پرائیویٹ سیکرٹری کے عہدے پرموٹ ہونے والے افسران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف کے بارے میں احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے ہیڈ کانسٹیبل سید ساجد حسین رضوی کی سنیارٹی فکسیشن کی درخواست پر آر پی او گوجرانوالہ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، وائرلیس آپریٹر کانسٹیبل بلال کی سرکاری کوارٹر حصول کی درخواست اے آئی جی ڈویلپمنٹ کو کارروائی کیلئے بھجوا دی۔شیخوپورہ کے غازی کانسٹیبل آصف علی کی بیٹے کو بھرتی کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو کاروائی کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس فورس کی ویلفیئر اولین ترجیح، قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ افسران ملازمین کی پیش کردہ درخواستوں پر ایکشن لیکر رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ دوسری طرف سنٹرل پولیس آفس میں تعینات پرائیویٹ سیکرٹری جمیل بٹ محکمانہ سروس پوری ہونے پر عہدے سے ریٹائرڈ ہوگئے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پرائیویٹ سیکرٹری جمیل بٹ کو ریٹائرمنٹ کے موقع پر اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ ریٹائرمنٹ تقریب میں جمیل بٹ کے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی، پولیس افسران نے پرائیویٹ سیکرٹری جمیل بٹ کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔جمیل بٹ نے سی سی پی او لاہور اور متعدد آئی جی پنجاب صاحبان کے ساتھ بطور پرائیویٹ سیکرٹری خدمات سر انجام دیں۔ وہ ان دنوں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز پنجاب کے ساتھ بطور پرائیویٹ سیکرٹری خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کیلئے نئے پی ٹی شوز اور واٹر ڈسپنسرز کی خریداری کیلئے منظوری دے دی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فورس کے نئے پی ٹی شوز کی خریداری کیلئے نجی کمپنی کو کنٹریکٹ دیا گیااورپی ٹی شوز کے 08 ہزار نئے جوڑے 2080 روپے فی کس کے حساب سے خریدنے کی منظوری دی گئی، ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ پی ٹی شوز کی خریداری کیلئے ایک کروڑ 66 لاکھ 40 ہزار روپے کی ادائیگی کی جائے گی اورنئے پی ٹی شوز مختلف اضلاع میں تعینات اہلکاروں کو شیڈول کے مطابق فراہم کئے جائیں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدبتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کیلئے نئے واٹر ڈسپنسرز خریدنے کی بھی منظوری دی ہے، واٹر ڈسپنسر کے 17 یونٹ، 48 ہزار فی کس کے حساب سے خریدے جا رہے ہیں،17 واٹر ڈسپنسر خریدنے کیلئے 08 لاکھ 16 ہزار روپے جاری کئے گئے ہیں۔
پولیس فورس کی ویلفیئر اوّلین ترجیح، قواعد کے مطابق ہر ممکن ریلیف دینگے:آئی جی پنجاب
















